گندم کے کاشتکاروں کیلئے خوشخبری، کھاد کے بعد گندم کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ بھی نیچے آگئے

مارکیٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ میں زبردست کمی، تصدیق شدہ بیج 6300 کی بجائے 4500 روپے فی بیگ پر آگیا، پنجاب کے کاشتکار کے ساتھ کھڑے ہیں او رکھڑے رہیں گے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 30 نومبر 2024 18:41

گندم کے کاشتکاروں کیلئے خوشخبری، کھاد کے بعد گندم کے تصدیق شدہ بیج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2024ء) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ کھاد کے بعد گندم کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ بھی نیچے آگئے۔ مارکیٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ میں زبردست کمی آرہی ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ریٹ تصدیق شدہ بیج 6300 کی بجائے 4500 روپے فی بیگ پر آگیا ہے۔ تصدیق شدہ بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے خصوصی مراکز اور رجسٹرڈ ڈیلر کے پاس دستیاب ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں اور بھائیوں کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔ پنجاب کے کاشتکار کے ساتھ کھڑے ہیں او رکھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار میں اضافے اور کاشتکار کی خوشحالی کے ویژن کو پورا کریں گے۔ مزید برآں چین کی طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے لئے سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف چین کی حکمران جماعت کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونگی۔ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوچکا ہے،جس کے تحت وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اگلے ماہ چین کے 8 روزہ وزٹ کے دوران بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کے دورے کرینگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو چین کی طرف سے 8 سے 15 دسمبر تک چین کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔

سی پی سی کی خصوصی دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ اعلی سطح وفد بھی چین جائے گا۔ خصوصی دعوت نامے میں چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔ دعوت نامے میں گہرے باہمی مراسم اوردوستی کے فروغ، پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہاربھی کیا ہے۔

دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی،میڈیکل،انڈسٹری، سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کا ر کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروبار ی اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف دورے کے دوران چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی زعما سے بھی ملاقات کریں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے دورے میں پنجاب میں ترقی کے اعلی معیار، دوطرفہ تعاون کے نئے دور کے آغاز پر تبادلہ خیال کا بھی امکان ہے۔ وزیراعلی پنجاب اعلی سطح وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کریں گی۔