بدامنی نے صوبے کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، گورنر خیبر پختونخوا کا آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب

جمعرات 5 دسمبر 2024 17:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2024ء) کُرم اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس گورنر ہاؤس پشاور میں جاری ہے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین، قومی وطن پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاؤ، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، عنایت اللہ اور دیگر پارٹیوں کے قائدین انجینئر امیر مقام، مولانا لطف الرحمان، محمد علی شاہ باچا، محسن داوڑ، سکندر شیر پا ؤشریک ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے اے پی سی میں شرکت سے انکار کیا ہے۔

اے پی سی کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بدامنی کےتناظرمیں اے پی سی کا انعقاد وقت کا تقاضا تھا۔

(جاری ہے)

گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ کرم کی صورتحال سب کےسامنے ہے، بدامنی نے صوبے کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، بدقسمتی سے صوبے کے حالات پراسمبلی میں کوئی بات نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ چاہئے تویہ تھا کہ اے پی سی کا انعقاد صوبائی حکومت کرتی لیکن اس نےامن وامان کی صورتحال پرآج تک بحث نہیں کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے اے پی سی کے انعقاد پر گورنر کے پی کے اقدام کو سہراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہےانہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل احتجاج اور دھرنوں پرخرچ ہورہے ہیں، اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی حقیقی قیادت شریک ہے، خیبرپختونخوا کےعوام کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کر رہے ہیں، ان کو صوبے کے امن وامان سے کوئی سروکار نہیں، کرم میں لاشیں گری تھیں اور وہ اسلام آباد پرچڑھائی میں مصروف تھے۔دوسری جانب میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباد نے کہا ہے کہ صوبے میں بدامنی عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے مسائل کے باوجود پی ٹی آئی مسائل پر بات بھی نہیں کرنا چاہتی ۔