گجرات ، عدالت نے دہرے قتل کیس میں مونس الٰہی کو اشتہاری قراردیدیا

مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر 28 جون 2023 کو چکریاں کے رہائشی یاسر اور محمد یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام تھا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 10 دسمبر 2024 14:06

گجرات ، عدالت نے دہرے قتل کیس میں مونس الٰہی کو اشتہاری قراردیدیا
گجرات(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 دسمبر 2024)دہرے قتل کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماءمونس الٰہی کو اشتہاری قراردیدیا گیا،گجرات کے ایڈیشنل سیشن جج میاں جاوید اکرم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کودہرے قتل کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیا، مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر 28 جون 2023 کو چکریاں کے رہائشی یاسر اور محمد یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام تھا، پولیس کے مطابق مونس الٰہی کو ایف آئی آر کے ملزمان کے انکشاف کے بعد اس کیس میں نامزد کیا گیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر کو دفعہ 109 کے تحت ایماءمشورہ کا ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی کیس میں نامزد ملزم محمد اختر دوران ٹرائل جیل میں وفات پا گیا تھا۔دہرے قتل کا مقدمہ تھانہ منگووال میں 29 جون 2023 کو مقدمہ نمبر 23/149 بجرم 302,34,109 ت پ کے تحت درج ہوا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمہ میں چوہدری مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ 19 صفحات پر مشتمل ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی او ر ان کے صاحبزادے مونس الٰہی سمیت دیگرملزمان کےخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں شتہاری قرار دیا گیا تھا۔ لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو ملک سے فرار ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا تھا۔عدالت کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمے درج تھے جس میں سے ایک اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے جانے کا مقدمہ تھا جبکہ دوسرا اینٹی کرپشن سرکل پنجاب میں بھی مونس الٰہی کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے مونس الٰہی کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بینک اکاونٹ، تمام جائیداد کے منجمد ہونے کی کارروائی کا آغاز بھی کیا تھا۔ عدالت نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور رہائش گاہ کا درست ایڈریس بھی طلب کیا تھا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مونس الٰہی سمیت 9 ملزمان کا نامکمل چالان سپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں پیش کیا تھا۔قبل ازیں گزشتہ سال 6 جون کو ایف آئی اے نے مونس الٰہی پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مونس الٰہی نے بطور وفاقی وزیر آبی ذخائر منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی اور کروڑوں روپے رشوت کی مد میں وصول کئے تھے۔