لاڑکانہ ، سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد

پیر 16 دسمبر 2024 19:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2024ء) لاڑکانہ میں بھی سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے لاڑکانہ کے نجی تعلیمی ادارے دی نیو بیکن اسکول سسٹم لاڑکانہ کیمپس میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز فوزیہ ناز منگریو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمالک چانڈیو، اسکول کے پرنسپل احمد سومرو، پاکستان پیٹریاٹک موومنٹ زندہ باد کے چیئرمین لیاقت ابڑو، نظر محمد ابڑو، آصف علی عباسی، مرتضیٰ عباسی، اظہر گاد، اسکول کے میل و فیمیل اساتذہ سمیت بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب میں سکول کے بچوں نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹیبلوز اور خاکے پیش کیے جن میں سانحے کی منظرکشی کی گئی جس دوران حاضرین اپنے آنسو روک نہ سکے۔

(جاری ہے)

تقریب میں بچوں کی شاندار پرفارمنس پر ان کی زبردست حوصلہ افزائی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ آج سے 10 سال قبل دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے کئی ماؤں کی گودیں اجاڑ دیں، بہنوں سے ان کے بھائی چھین لیے اور والدین کے جگر گوشے جدا کردیے، جو پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان پھول جیسے معصوم بچوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے کیونکہ شہید مرتے نہیں، وہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ یہ معصوم بچے جنت کے پھول تھے اور جنت میں ہی جا بسے ہیں۔ تقریب کے آخر میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔دوسری جانب شجر کاری مہم چلانے والی سماجی تنظیم گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہر کے گورنمنٹ ماڈل گرلز اسکول میں سکول انتظامیہ اور طالبات کے ہمراہ مل کر پودے لگائے گئے جس میں گرین سندھ فاؤنڈیشن کے رہنما ذوالفقار مگسی، سکول کی پرنسپل تہمینہ لاشاری، خواتین اساتذہ رخسانہ لاکھو، افشین گل اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہداء کے بلند درجات سمیت ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔