ٹانک،سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 7 خارجی ہلاک

جمعہ 20 دسمبر 2024 19:00

ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2024ء)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنتہ الخوارج کے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 7 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ علی رحمٰن عرف مولانا طحہ سواتی مارا گیا۔

سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ کامیاب آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مجموعی طور پر 7خوارج کو ہلاک کیا، خارجی علی رحمٰن عرف مولانا طٰحہ سواتی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ علی رحمن عرف مولانا طحہ سواتی نی2010 میں کالعدم ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیارکی، وہ خوارج کی شوریٰ کا اہم سرغنہ تھا، ہلاک دہشت گرد فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ قاری امجد عرف مفتی مزاحم کا قریبی ساتھی تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران ایک خارجی نے گھر میں داخل ہوکر کمرے میں 2بچوں کو یرغمال بنایا، دہشتگرد نے فرار ہونے کے لیے خاتون کا لباس پہن لیا تھا اور یرغمال بنائے دونوں بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنیکی مذموم کوشش کی۔ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی کارروائی کے دوران دونوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا اور خارجی دشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد ہوئی، یہ بارودی مواد کسی بڑی دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ کامیاب آپریشنز میں مارے جا چکے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اہلِ علاقہ نے بچوں کی بحفاظت بازیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور شاندار خراج تحسین پیش کیا۔