Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب کاخیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار سکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہار

وزیر اعلیٰ غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انکوبیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان، طلبہ کی ضروری تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت

پیر 20 جنوری 2025 23:31

وزیر اعلیٰ پنجاب کاخیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے طلبہ کوبھی ہونہار سکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انکوبیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا اورغازی یونیورسٹی کے طلبہ کی ضروری تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈی جی خان میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے تاریخی خطاب میں کہا ہے کہ اہل،محنتی اور میرٹ پر آنے والا بچہ،فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیمی ادارے کی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ ہم نو مئی والے نہیں ہیں 28مئی والے ہیں، پاکستان والے ہیں اور پاکستان کی عزت کے رکھوالے ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری زبان تذلیل کی نہیں تدریس کی ہے۔

ہم ڈنڈا بردار نہیں ہم علم، امن اور ترقی کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے اپنے والدین سے دعائیں لیں، غصہ آبھی جائے تو جواب نہ دیں۔میرے بیٹے اور بیٹیوں بڑوں کا لحاظ کرو، بدتمیزی نہ کرو اور لائن کراس مت کرو۔ کبھی نہیں چاہوں کہ آپ کسی کو گالی دو،ماں اپنے بچوں کو ترغیب نہیں دے سکتی۔پاکستان کو جہاں پر اور مسائل کا سامنا ہے وہاں پر فیک نیوز کا بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے بغیر تحقیق کے سوشل میڈیا کی پوسٹ پر یقین نہ کیا کریں۔ سچ ابھی تسمے باندھ رہا ہوتا ہے، جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگاکر آجاتا ہے۔انہوں نے چار سال کام کچھ نہیں کیا،اختتام پر یہی کہا یہ چور وہ چور،اسے پکڑ لو، آگ لگادو۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بچے کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت پاکستان کو سامنے رکھیں۔ پاکستان ہماری ماں ہے اور ماں کے ساتھ وفاداری کی جاتی ہے غداری نہیں۔

میری حکومت ہونہ ہولیکن پاکستان میرا ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ میری حکومت نہ ہوتو پاکستان کو جلاؤ دوں، اس ملک کو ماں کی مانند سمجھنا ہے۔ نوجوانوں آپ کا ہر فیصلہ ہونہار سکالر شپ کی طرح 100فیصد میرٹ پر ہونا چاہیے۔نوجوانوں کے ہاتھ میں فیصلے کی قوت ہے، نوجوان ہی میری ہمت ہیں اکیلے کچھ نہیں کر سکتی۔ گالی گلوچ، پگڑیاں اُچھالنے اپنے ملک کے خلاف قدم اٹھانے والا آپ کا دوست نہیں ہے۔

پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، شہداء، رینجرز اور پولیس ہمارے اپنے ہیں۔ ہونہار سکالر شپ کے حوالے سے پروپیگنڈہ وہ کررہے ہیں جنہوں نے سکالر شپ کی بجائے بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم دیا۔انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے بیٹے اور بیٹیوں کو دل اتھاہ گہرائیوں سے بہت بہت مبارکباد۔ گھر جاکر میری طرف سے والدین اور گھر والوں کو بھی مبارکباد دینا۔

والدین سے کہنا جتنا آپ کو فخر ہے اس سے زیادہ مجھے آپ پر فخر ہے۔اپنے بیٹوں سے بھی اتنا ہی پیا ر کرتی ہوں جتنا اپنی بیٹیوں سے کرتی ہوں۔ہر ڈویژن میں خود گئی اور بچوں کو خود جاکرہونہار سکالر شپ دیئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں خود چل کرہونہار سکالر دیئے اور بچوں کے مسائل ان کی زبانی سنے، محسوس کیے۔بچوں کی ہر بات دل سے سنتی ہوں، جو نہیں کہتے وہ بھی سنائی دیتی ہے۔

ماں اور بچوں کا جور شتہ قائم کیا ہے یہ میری زندگی کا حاصل ہے۔ہرڈویژن سے بچوں کی طرف سے بہت محبت ملی وہ میری زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دنیا میں ہر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے لیکن ماں اور بچوں کا رشتہ ٹوٹ نہیں سکتا۔ نوجوانوں کی محبت، احترام اور اعتماد میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔لیپ ٹاپ اور ای بائیکس لیکر جلد آپ کے پاس دوبارہ آؤں گی۔

چاہتی ہوں میرے بیٹے اور بیٹیاں فیس کے پریشرسے آزاد ہوکر اپنی تعلیم حاصل کریں۔ بچوں کو جدیدٹیکنالوجی لیس کرنے کے لئے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں تاکہ اپنی ریسرچ اور انسینمنٹ جاری رکھیں۔ بچوں کی طرف جو رسپانس مل رہا ہے، مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی کہ یہ کیا ہوگیا ہے۔ مخالفین کوئی وجہ تلاش کررہے ہیں، بچوں کے ساتھ جو رشتہ قائم ہوگیا ہے اس کا کیا کریں۔

مخالفین ہونہار سکالر شپ کو ڈرامہ کہتے ہیں ان کوپتہ ہی نہیں کہ سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں۔ جھوٹ میں آنکھ کھولی، جھوٹ میں پلنے والوں کیا پتہ پیار اور اعتماد کا رشتہ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں نے یہ محبت دی تو اس سے میری کندھوں ذمہ داری اورمحنت کابوجھ بڑھ گیا ہے۔ بیٹے اور بیٹیوں کی محبت کا جواب اور زیادہ محبت سے دوں گی اورزیادہ سکیم لاکراس پیار کا جواب دوں گی۔

میرے کندھوں پر بچوں کے خواب کوپورا کرنے، مستقبل کو بہتر بنانے کا بوجھ ہے جس کو اچھے طریقے سے اس فرض کو ادا کرنا چاہتی ہوں۔ حقیقت یہی ہے کہ ہرروز بچوں کی زندگیوں اورتعلیم کو بہتر بنانے کیلئے دن رات محنت کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ بہت عاجزی اور بچوں کی گواہی کے ساتھ کہتی ہوں کہ 30ہزار سکالر شپ میں سے ایک بھی کسی سفارش پر نہیں دیا گیا۔

ہر بچہ یہ گواہی دے سکتا ہے کہ ایک بھی سکالر شپ میرٹ کی خلاف ورزی پر نہیں دیا گیا۔ اگر کو کہہ دے کہ کسی ایک بچے کو کسی منسٹر، ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش پر سکالر شپ ملا ہے تو استعفیٰ دے کر گھر چلی جاؤں گی۔اللہ تعالیٰ کا شکر اور احسان ہے کہ بچوں کا ان کاحق دینے کی توفیق دی۔ بچے ہونہار سکالر شپ پر شکریہ بولتے ہیں تو مجھے تکلیف ہوتی ہے،یہ آپ کا حق تھا جو آپ کو ملا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سکالر شپ کو پانے کیلئے بچوں نے محدود وسائل میں رہ کر زبردست محنت کی یہ آپ کی محنت کا ثمر ہے۔ میرے بیٹے اور بیٹیاں آپ ہیروز نہیں ہوں بلکہ سوپرہیروز ہیں۔ہونہار سکالر شپ میرے بچوں کی بہت بڑی اچیومنٹ ہے اللہ تعالیٰ نے آپ کو آپ کی محنت کا صلہ دیا ہے۔ بچے سر اٹھا کر چلیں کہ انہیں ہونہارسکالر شپ ملا ہے۔

پاکستان بہت سے وسائل سے مالا مال کیا ان وسائل میں 65فیصد یوتھ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند سالوں میں یہی یوتھ پاکستان کو لیڈ کرے گی۔ کوئی بچہ اپنے آپ کو چھوٹا یا بڑے نہ سمجھے بلکہ آپ ہی پاکستان ہو۔ بچوں کو جلد لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کریں گے۔جس طرح میں اپنے بچوں کی ماں ہوں اسی طرح قوم کے بچوں کی ماں ہوں۔ اس سال 30ہزار سکالر دیئے ہیں اور اگلے سال50ہزار تک سکالر شپ دے رہے ہیں۔

بہت جلد سیکنڈ اور تھرڈ ایئر بچوں کے لئے بھی سکالر شپ لیکر آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کے پی کے بچوں کی طرف سے بھی درخواستیں آرہی ہے ہمیں بھی سکالر شپ دیئے جائیں۔چاہتی ہوں کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو سکالر شپ دوں۔ ہونہار سکالرشپ کے بدلے میں مریم نواز کچھ نہیں مانگتی بلکہ یہ کہتی ہوں کہ اپنے والدین کا فخر بنو۔

جس بچے کو ماں باپ کی دعا ہوتی ہے وہ کسی میدان میں بھی ناکام نہیں ہوتا۔ جس بچے سے والدین راضی اس سے رب راضی۔ آج اللہ تعالیٰ نے وزارت اعلیٰ کی کرسی دی ہے، اللہ کے فضل کے بعد والدین کی دعا سے ملی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے تعلق لیکن پنجابی سے پہلے پاکستانی ہوں، جیسے ہم پر ماں باپ کے فرض لازم ہیں ایسے ہی پاکستان کے لازم ہیں۔ میں کبھی نہیں کہوں گی کہ میٹرو بس اور موٹرویز جلاؤ دو۔

محمد نوازشریف نے پاکستان کو جوڑنے کے لئے موٹرویز بنائی،انہوں نے پنجاب پر کے پی کے سے حملہ کرنے کے لئے استعمال کیں۔ میٹرو بس کو آگ لگادی میں میٹروبس میں نہیں بیٹھتی، عوام بیٹھتے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں نے نوجوانوں کو ورغلاکر جیل میں پہنچا دیا اب ان کو کوئی پرسان حال نہیں۔ انتشاریوں نے پاکستان کے بچوں کا مستقبل تباہ کر دیااور ان کے بچے ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔

بدترین مخالف کی حکومت رہی جیل میں ماں کی وفات اور باپ کی بیماری کی خبر سنی لیکن کسی کو نہیں کہا جاکر ملک جلاؤ دو۔ حکومت کسی کی بھی ہوسکتی ہے پاکستان تو میرا ہے۔ ایک طرف ہم ہیں چاہتے ہیں کہ بچے پڑھیں، ترقی کریں اور دوسری جانب انتشاری بچوں کو جیل بھجوانے کے منتظر ہیں۔ اپنے بچوں کو یورپ رکھنے والے اور ملک کے بچوں کو جیل بجھوانے والے ہمدرد نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار سال پہلے 38فیصد مہنگائی تھی آج وہی مہنگائی چار فیصد پر آگئی ہے۔ روٹی 30روپے کی تھی آج وہی روٹی 12روپے کی ہے۔ روٹی غریب کھاتا ہے روٹی سستی ہوگی تو غریب کے بچہ کا پیٹ بھرے گا۔ ہر رات سونے سے پہلے روٹی کی قیمت چیک کرکے سوتی ہوں۔ایک طرف دہشت گردی پھیلانے والے ہیں دوسری طرف امن وامان اور ترقی لانے والے ہیں،بچوں امن کا راستہ چننا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایک طرف مدینہ منورہ میں قومی کی بیٹیوں پر آوازیں کسنے والے اور دوسری طرف اخلاقیات درس دینے والی ماں ہے۔ اپنے بیٹوں کونصیحت کرتی ہوں کہ قوم کی خواتین کی عزت کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات