سندھ نے نیشنل فائٹنگ چیمپئن شپ 9گولڈ میڈلزکے ساتھ جیت لی

تین روزہ چیمپئن شپ میں سی ایف سی سندھ نے دوسری اور کسٹمز نے تیسری پوزیشن حاصل کی

بدھ 22 جنوری 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2025ء)سندھ نے پہلی نیشنل فائٹنگ چیمپئن شپ جیت لی ،سی ایف سی سندھ نے دوسری اور پاکستان کسٹمز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔فائٹرز ڈین کومبیٹ فیڈریشن کے زیر انتظام برجز اسپورٹس ایرینا کے پی ٹی فلائی اوور ڈیفنس ویو میں منعقدہ تین روزہ ایونٹ میں سندھ نے 9گولڈ ،چار سلور اور تین برانز میڈلز اور315پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ جیتی ۔

سی ایف سی سندھ نے چار گولڈ ،9 سلور اور ایک برانز میڈلز اور246پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ پاکستان کسٹمز نے پانچ گولڈ ،پانچ سلور اور پانچ برانز میڈلز اور210پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انڈس فارما کے ایسوسی ایٹ ڈائرکٹر سعد خالد تھے ،اس موقع پر چیئر مین کے سی ایف ایل اور چیئر مین فائٹرز ڈین کمبیٹ فیڈریشن ملک محمد ایاز، فائٹرز ڈین کومبیٹ فیڈریشن اور کراچی کیج فائٹنگ لیگ کے سی ای اوشعیب بٹ،ڈائرکٹر کے سی ایف ایل ماہ جبیں سردار ،تہشام کلثوم بٹ اراکین کمیٹی،امان اللہ رحمت اللہ ،ہارون مسیح ،اویس خان ،عرفان قریشی ،حسنین عاطف ،چوہدری محمد یونس ،مہوش خان،ثنا اسحا ق،ایم اسحاق،عرفان سولنگی ،سعد ،زیشان ،اسامہ ،وجیہہ،اسد عبا س،عمیر ،مدثر ،کاشف، اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ فائٹنگ طاقت اور تیکنیک کا کھیل ہے جس سے انسان میں اپنی حفاظت کرنے کا جذبہ شدید تر ہوتا ہے ،نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی اس مشکل کھیل میں مہارت یقینی طور پر ان کی عملی زندگی میں بھی کام آئے گی ،آرگنائزرز کو ایک بہترین اور شاندارا یونٹ منظم انداز سے منعقد کروانے پر مبارک بار پیش کرتا ہوں اور اپنی جانب سے مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں ۔

بعد ازاں انہوں نے کامیاب فائٹرز میں میڈلز اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔نتائج کے مطابق بوائز کی45کے جی کے فائنل میں کراچی وائٹس کے روشن ،50کے جی جونیئر میں گلگت بلتستان کے سعود،50کے جی سینئر میں کسٹمز کے قاسم ،60کے جی جونیئرمیں سندھ کے ضیا ،60کے جی سینئر میں سندھ کے کاشف ،64کے جی جونیئر میں کسٹمز کے حافظ ،62کے جی میں کراچی وائٹس کے اسد،64کے جی سینئر میں ایس ایس یو کے آصف ،68کے جی جونیئر میں سندھ کے الیاس خان ،68کے جی سینئرمیں ایس ایس یو کے زیشان ،72کے جی جونیئر میں سی ایف سی سندھ کے صابر 72کے جی سینئر میں ایس ایس یو کے جہانزیب ،76کے جی میں خیبر پختوانخوا کے رفیع خان اچکزئی ،84کے جی میں بلوچستان کے صفا خان ،88کے جی میں سندھ کے حمزہ ،90کے جی میں سندھ کے سید حبیب ،95کے جی میں سی ایف سی سندھ کے امان اور اوپن ویٹ کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے نور علی نے گولڈ میڈل جیتا ۔

واضح رہے کہ تین روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے 200سے زائدمردوخواتین اور جونیئر ایم ایم اے فائٹرز نے شرکت کی تھی ۔