پشتونخواملی عوامی پارٹی پارٹی کے زیراہتمام3روزہ اولسی جرگہ آج سے شروع ہوگا، سید شراف آغا

جمعرات 23 جنوری 2025 19:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا توسیع اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع سیکرٹری سید شراف آغا کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، عبدالحق ابدال، صوبائی صدر عبدالقہار خا ن ودان ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ایگزیکٹیوزنصیر ننگیال ، ملک عمر کاکڑ، منان خان بڑیچ،گل خلجی ، صورت خان کاکڑ،حضر ت عمر ایڈووکیٹ، نظام عسکر، سردار ادریس بڑیچ، حفیظ ترین سمیت ضلع سینئر معاونین ،ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی اور تحصیل کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کوئٹہ کے اولسی جرگے کے تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس پیش کیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کا اولسی جرگہ 24تا 26جنوری بروز (جمعہ ، ہفتہ ،اتوار) بلنہ گارڈن ہال ایئرپورٹ روڈ بلیلی میں تین دن تک جاری رہیگا ۔ جس میں کوئٹہ کے مختلف قبائل کے معززین ، قبائلی عمائدین ، علماء کرام سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرکے اپنی قیمتی آراء جرگہ کے شرکاء کے سامنے پیش کرینگے اور اس کی روشنی میں یہ جرگہ اپنا متفقہ اعلامیہ اور جرگہ کی قراردادیں پیش کریگی ۔

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں امن وامان کی ابتر صورتحال ، بدامنی ،چوری ، ڈکیتی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی تباہی ، انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے عوام کو محروم رکھنے، نادرا، پاسپورٹ، پولیس تھانوںسمیت ہر شعبہ زندگی میں عوام کو درپیش مسائل ومشکلات، میٹروپولیٹن کاروپوریشن کی ناقص کارکردگی کے باعث شہرمیں صفائی کا نظام نہ ہونے، کرپشن وکمیشن کے باعث عوامی اداروں کو مفلوج بناکر انہیں کھوکھلا کرنے، شہر میں منشیات فروشی کے سرعام اڈوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے، جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی عدم روک تھام، اغواء برائے تاوان کے مسلح گروپوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے، مختلف عوامی شعبوں کو مفلوج بناکر نجکاری کی طرف جانے، قبائل کی جدی پدری زمینوں ، قدرتی معدنیات پر ناروا قبضوں ، غلط غیر قانونی سیٹلمنٹ کے ذریعے غیروں کو زمین الاٹ کرنے سمیت کوئٹہ شہر میں عوام کو درپیش تمام مسائل ومشکلات کو زیر غور لایا جائیگا اور جرگہ کے شرکاء سے رائے لیکر مستقبل کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

اجلاس میں ہزاروں کی تعداد میں دعوت ملنے والے تمام معززین سے امید کی گئی ہے کہ وہ صبح 9:30تک اولسی جرگے میں شرکت کرینگے تاکہ جرگہ کی کارروائی بروقت شروع ہوسکیں ۔