وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہءخیال

وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے جیانگ زیڈونگ کو چینی سال نو کی مبارکباد دی، نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا، وزیراعظم کی چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 31 جنوری 2025 12:05

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری 2025)وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں تعینات سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہءخیال کیا گیا،وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کیلئے خوشحالی لائے گا۔چینی سال نو تجدید، تبدیلی اور نئے آغاز کے وعدے کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی 6 دہائیوں کے دوران چین کا ترقی کا سفر چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندی اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام اور پاکستان میں موجود چینی دوستوں کو نئے سال کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی تھی ۔اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ یہ سال ہماری دو عظیم قوموں کیلئے خوش نصیبی اور مسلسل کامیابیاں لائے اور ہمارے دونوں لوگوں کے درمیان اٹوٹ رشتوں کو مزید مضبوط کرے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کیلئے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے۔ ترقی کے سفر میں پاکستان اور چین اہم شراکت دار تھے چین کے ساتھ قریبی تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ تھی۔وزیراعظم نے کہا تھاکہ چینی سال نو کے موقع پر لوگ اپنے خاندانوں اور دوستوں سمیت روایتی کھانوں، تحائف کا تبادلہ کرنے اور آنے والے سال کیلئے برکتوں کو مدعو کرنے کیلئے جمع ہوتے تھے۔

چین کی کامیابی کی کہانی ہمیں تحریک اور محنت کی ترغیب دیتی تھی۔ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک لازوال رشتہ تھا جو بتدریج مضبوط تر ہو رہا تھا۔ باہمی اعتماد اور مشترکہ خواہشات سے جڑے ہمارے قریبی تعلقات اب ایک جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے تھے۔ یہ آہنی بھائی چارہ بدستور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد تھا۔