زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا

بدھ 5 فروری 2025 17:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام واک کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کی ۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی ۔واک کا آغاز ایڈمن بلاک سے کیا گیا اور یہ یونیورسٹی کلاک ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر ریلی کے ساتھ ساتھ کشمیر ڈاکومنٹری،ملی نغمے اور کشمیری ترانوں کا اہتمام نیوسینٹ ہال میں کیا ۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو جس جبرواستبدار اور بربریت کا سامنا ہے اس کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ وہ بھارت کی بربریت کے خاتمے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹرمحمد افتخار نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد عالم اقوام کی توجہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی فراہمی کی طرف مبذول کروانا ہے۔