پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام یوم کشمیر کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 5 فروری 2025 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر میر وحید اخلاق، فیکلٹی ممبران اور طلباطالبات نے شرکت کی۔ اپنے کلید ی لیکچر میں ڈاکٹر وحید نے مسئلہ کشمیر کی تاریخ پر روشنی ڈالی جو نوآبادیاتی دور اور برطانیہ کی سامراجی پالیسیوں سے جڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ لاہور اور معاہدہ امرتسر مسئلہ کشمیر کے تناظر میں ایسی روشن مثالیں ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ کس طرح برطانوی استعمار کے سامراجی عزائم نے برصغیر کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کو مزید خراب کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے تناظر میں گلگت بلتستان کی ترقی کی رفتار ملی جلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے حوالے سے صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے جبکہ معیشت کے حوالے سے خطے کو ابھی بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو درپیش مسائل کو سمجھنے کے لیے ملک، خطے اور نوآبادیاتی دور کی تاریخ کے ساتھ ایک مناسب سمجھ اور سنجیدہ تعلق ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مذہبی انتہا پسندی، ہندوتوا کا عروج اور اس طرح کی تحریکوں میں جڑے بیانیے کا پھیلا ایک سنگین خطرہ ہے جس کا مقابلہ اکیڈمیا اور خصوصا پاکستانی یونیورسٹیوں کے نوجوان محققین کو کرنا ہوگا۔ سیمینار کے شرکا نے یقین دلایا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ باضمیر عوام بھی کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کے منصفانہ اور جائز مقصد کے لیے ہر طرح کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔