یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ کے مقام پر جلسے کی قراردادیں

بدھ 5 فروری 2025 18:07

مظفرآبادکوہالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ کے مقام پر منعقدہ جلسے میں متعدد قراردادیں پیش کی گئی جن میں کہا گیا کہ آج 05 فروری 2025 ء یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام، تمام سیاسی جماعتیں اور حکومت پاکستان، حکومت آزاد کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس عزم، جوش اور ولولہ سے یک جہتی کا اظہار کر رہے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی جد و جہد آزادی میں وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

آج کا یہ نمائندہ اجتماع مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضہ کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور تسلیم شدہ حق '' حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

یہ اجتماع ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کالے قوانین پر امن شہریوں پر تشدد، گرفتاریوں اور پیلٹ گن کے ذریعے پر امن مظاہرین کو بصارت سے محروم اور بنیادی انسانی حقوق سے متعلقہ پابندیوں و انسانیت سوز مظالم کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستان کو ان جابرانہ ہتھکنڈوں سے روکے ۔

یہ اجتماع ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمان آبادی کے تناسب کو بدلنے کیلئے غیر ریاستی افراد کی آبادکاری کے منصوبے کی پرزورمذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔یہ اجتماع بھارتی افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں، آزاد کشمیر کے سرحدی علاقہ جات میں بلا اشتعال فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور بھارت کے بار بار اس اقدام کو خطہ کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آج کا یہ اجتماع حکومت پاکستان، تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر کے عوام کا شکر یہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کا بھر پور ساتھ دیا۔ قرار داد میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے اقوام متحدد اور دیگر قومی اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق موقف پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ ان رہنماؤں اور مظلوم کشمیریوں کی رہائی کیلئے اقدام کریں۔ قرارداد میں میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے کردار کو تحسین کی نگاہ سے د یکھتے ہیں اور شہدا ء وطن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

قرارداد میں عظیم حریت پسند رہنما سید علی گیلانی (مرحوم) کوان کی طویل اور عظیم جدو جہد پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کی فلسطینی بچوں، خواتین اور عمر افراد کے خلاف درندگی کا فوری نوٹس لے اور فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

قرارداد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی طرف سے مسئلہ کشمیر کوحکومت کی اولین ترجیح مقرر کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں پاکستان کی تمام سیاسی، سماجی تنظیموں اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا جاندار اور بھر پور کردار ادا کرے ۔