پاکستان جمہوری پارٹی نے الیکشن کا ایک سال مکمل ہونے پرملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا

ہفتہ 8 فروری 2025 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2025ء) پاکستان جمہوری پارٹی نے جعلی الیکشن کا ایک سال مکمل ہونے پرملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ لاہور، کراچی، سندھ، اسلام آباد، سیالکوٹ پشاور بہاولپور سمیت مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے ڈیموکریٹک لان میں پاکستان جمہوری پارٹی کے صدر امتیاز رشید قریشی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین میں سید وقار حسین شاہ جنگی مرکزی سیکرٹری جنرل پی ڈی پی، شہباز رشید قریشی ایڈووکیٹ صدر پاکستان جمہوری پارٹی پنجاب، محمد افضل چوہدری ایڈووکیٹ، پیرزادہ سید امجد زکی ایڈووکیٹ، ربیعہ شہزادی ایڈووکیٹ ، محمد اسلم گوندل ایڈووکیٹ، ڈاکٹر شاہد نصیر، سیٹھ بشیر احمد، محمد توقیر چوہدری ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

امتیاز رشید قریشی صدر پاکستان جمہوری پارٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 ء کے جنرل الیکشن میں عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کی بجائے دو خاندانوں کو منتقل کیا گیا ہم اس جھرلو الیکشن کو نہیں مانتے، اس الیکشن کو ماننا جمہوریت سے انکار کے مترادف ہے، چیف الیکشن کمیشن راجہ سکندر اقبال صادق اور امین نہیں ہیں، دھاندلی کی کوکھ سے جنم لینے والے دو خاندانوں کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیک اور دیانت دار افراد پر مشتمل قومی حکومت کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے جو ملکی خزانے سے لوٹے ہوئے 300 ارب ڈالر سے زائد رقم کو بیرون ملکوں کے بینکوں سے فوری طور پر واپس لانے کا اہتمام کرے تاکہ آئی ایم ایف کے بھاری قرضوں سے پاکستان کو نجات مل سکے۔