کراچی، تھانے میں نوجوان وقاص کی موت پر احتجاج، مظاہرین نے پولیس چوکی کو آگ لگادی

پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے صوبے اور شہر کو تباہ کردیا کراچی کے شہری ڈمپر، ٹریلر اور ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے مر رہے ہیں، تنخواہوں میں اضافے پر ساری جماعتیں ایک پیج پر ہوتی ہیں،منعم ظفر

ہفتہ 8 فروری 2025 21:40

کراچی، تھانے میں نوجوان وقاص کی موت پر احتجاج، مظاہرین نے پولیس چوکی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2025ء)کراچی کے پریڈی تھانے میں نوجوان وقاص کی موت کے واقعے پر تاجروں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے پولیس چوکی کو بھی آگ لگادی۔تفصیلات کے مطابق نوجوان وقاص کے ورثا نے لاش کے ہمراہ پریڈی تھانے کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے موبائل مارکیٹ کی ٹریفک پولیس چوکی کو گرا کر آگ لگادی۔مظاہرین نے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور صدر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہاکہ کراچی کے تاجر اور کاروباری طبقہ محفوظ نہیں، رات کی تاریکی میں ایک تاجر کو پولیس اہلکار لے کر گئے اور آج لاش ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے صوبے اور شہر کو تباہ کردیا ہے، کراچی کے شہری ڈمپر، ٹریلر اور ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے مر رہے ہیں، تنخواہوں میں اضافے پر ساری جماعتیں ایک پیج پر ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے بھی نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، اور ایس ایس پی جنوبی سے رپورٹ طلب کر لی ہے،انھوں نے ہدایت کی ہے کہ شہری پولیس کسٹڈی میں کیسے ہلاک ہوا، اس کی انکوائری کی جائے، واقعے میں کوئی اہلکار ملوث ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا۔