کوہاٹ ،ہنگو میں مختلف واقعات ،خاتون سمیت تین افرادکی جانیں چلی گئیں

ہفتہ 15 فروری 2025 19:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2025ء) کوہاٹ اور ہنگو میں مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت تین افرادکی جانیں چلی گئیں۔ کوہاٹ کی حدودمیں انڈس ہائی وے پر عدنان سی این جی کے قریب موٹرسائیکل اور موٹرکار کے مابین حادثہ میں ایک شخص موقع پر جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے جائے حادثہ پہنچ کرزخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعدجاں بحق شخص کی لاش ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوہاٹ کے ڈی اے منتقل کر دی۔

جاں بحق شخص کی شناخت جاویدسکنہ شہیدہ بانڈہ کے نام سے ہوئی ہے۔ادھرکوہاٹ میں محمدریاض شہید پولیس سٹیشن کی حدودمیں واقع ہمدان ویلی کے ساتھ ایک خاتون کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر خاتون کے قتل کی واردات میں ملوث مبینہ ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر آلہ قتل سمیت حراست میں لے لیا ۔دریں اثناء گزشتہ شام ہنگو شہر کے نواحی علاقہ الوڑہ میلہ میں احتشام نامی نوجوان بجلی کی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔