سرکاری ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری

پاکستان ریلوے، پی آئی اے اور دیگر وفاقی اداروں کے ملازمین مستفید ہوسکیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 فروری 2025 16:10

سرکاری ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری 2025ء ) حکومت نے سرکاری ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کے بڑے فیصلے کے تحت کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت پاکستان ریلوے، پی آئی اے اور دیگر وفاقی اداروں کے ملازمین اس سکیم سے مستفید ہوسکتے ہیں، تاہم 20 سال اور اس سے زیادہ سروس کرنے والے ملازم گولڈن ہینڈ شیک کے اہل ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ گریڈ 01 تا گریڈ 14 تک کے ملازمین اس پالیسی سے مستفید ہوں گے، گریڈ 1 تا 5 تک کے ملازمین سروس مکمل ہونے پر 40 لاکھ روپے وصولی کے حقدار ہوں گے، گولڈن ہینڈ شیک لینے والے گریڈ 6 تا 9 گریڈ تک کے ملازمین کو 60 لاکھ روپے ملیں گے، گریڈ 7 تا 11 تک کے ملازمین 80 لاکھ روپے وصول کرنے کے حقدار ہوں گے، گریڈ 12 تا 14 تک کے ملازمین کو پالیسی کے تحت 1 کروڑ روپے وصول کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف ن ے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سرکاری ملازمین کے ساتھ سخت شرائط اور خزانے پر بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے گولڈن ہینڈ شیک پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں بل پاس کرواکر اس پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کروایا جائے گا، حکومتی پالیسی سے ناصرف خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ اس سے ہزاروں ملازمین بھی مستفید ہوں گے۔

اس کے علاوہ حکومت نے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے 2500 سے 2600 ڈیلی ویجز ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، یو ایس سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پہلے ہی ان ملازمین کو نکالنے کی منظوری دے دی تھی اور اب متعلقہ زونز کو اس پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، یہ اقدام حکومتی ’’رائٹ سائزنگ پالیسی‘‘کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا مقصد اداروں میں غیر مستقل ملازمین کی تعداد کم کرنا ہے، اس پالیسی کے تحت ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر کام کرنے والے پچیس سے چھبیس سو ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔