Live Updates

عمران خان نے آرمی چیف کو قوم کا باپ قراردیا تھا، خواجہ آصف

جس کو باپ کہتے تھے اسی کے بارے میں بد زبانی کرتے ہیں،بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے، تحریک انصاف کا طرف عمل ہرگزسیاسی نہیں، وزیر دفاع کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 21 فروری 2025 11:12

عمران خان نے آرمی چیف کو قوم کا باپ قراردیا تھا، خواجہ آصف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2025)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو قوم کا باپ قراردیا، جس کو باپ کہتے تھے اسی کے بارے میں بد زبانی کرتے ہیں،بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے،اپنے ایک انٹرویومیں وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کو خط پر خط لکھ کر ترلے کررہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا طرف عمل ہرگزسیاسی نہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان فیض حمید کوآرمی چیف بنانا چاہتے تھے۔بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد پی ٹی آئی اپنے زخم چاٹ رہی ہے۔انہوں نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات رونما کئے گئے۔

(جاری ہے)

قومی املاک پرحملے اورشہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات ایک حقیقت ہیں۔

پی ٹی آئی والوں کی سیاست ایک ذات کیلئے ہے۔ انہیں ملک کی فکرنہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا طرز عمل کسی طور پرسیاسی نہیں ہے۔گفتگو کے دوران خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیربرطانیہ کے اہم دورے پرہیں۔برطانیہ کے ساتھ اہم سفارتی، عسکری اورمعاشی تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مثالی ہیں۔

آرمی چیف کے خلاف منفی مہم چلائی جارہی ہے ۔ دوسری طرف یہ سوشل میڈیا پر غلط زبان استعمال کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی والے دوسرے ممالک میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بدترین قسم کا پراپیگنڈا کررہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف بیرون ممالک میں لابیز پر پیسے خرچ کررہی ہے۔ یہ وقت گزر جائے گا، چند ماہ یا سال کی بات ہے سب چیزیں درست ہوجائیں گی۔ ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، کوئی بھی سازش پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ملک کے معاشی حالات سنبھل رہے ہیں اس کا پی ٹی آئی کو دکھ ہورہا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کو بھی خط لکھے تھے۔ ان کی سیاست ایک ذات کے گرد گھوم رہی ہے۔ انہوں نے عدلیہ کو اپنی جیب میں ڈالا ہوا تھا۔ عدلیہ آزاد ہوئی ہے تو ان کو اس کی بھی تکلیف ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات