ڈپٹی کمشنر عمران علی کے زیر صدارت حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

یہ کمیٹی بجلی چوری ،منشیات کی سمگلنگ ، نان کسٹمز گاڑیوں ، غیر قانونی پٹرول پمپس ،تجاوزات کیخلاف کریک ڈائون کریگی ‘ڈپٹی کمشنر

اتوار 23 فروری 2025 17:15

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2025ء)ڈپٹی کمشنر قصورعمران علی کے زیر صدارت حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک آرمی ، پاکستان رینجرز ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایس ای لیسکو ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز ، اسسٹنٹ کمشنرز ، سپریٹیڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کمیٹی ٹی او آرز پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے گورننس کی بہتری اور حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے ضلع کی سطح پر کوارڈینیشن کمیٹی قائم کی ہے جو انسداد دہشتگردی پر ضلع کی سطح پر ایکشن پلان ترتیب دیگی ۔

(جاری ہے)

بجلی چوری ،منشیات کی سمگلنگ ، نان کسٹمز گاڑیوں، غیر قانونی پٹرول پمپس ،تجاوزات ،غیر قانونی تعمیراتی ، بھکاریوں کے خلاف کریک ڈائون کریگی ۔

یہ کمیٹی مدرسہ اور مسجد اصلاحات کے نفاذ اور مدارس کی رجسٹریشن، ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے سمیت تمام ٹی او آرز پر سوفیصد عملدرآمد کو یقینی بنائے گی ۔اس کے علاوہ ڈس انفارمیشن اور ریاست کیخلاف پرواپیگنڈا کی روک تھام کریگی۔ ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے کہا کہ تمام محکمے باہمی روابط سے متحرک ہو کر ذمہ داریا ں ادا کرینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائیگی جس کیلئے تمام احساس ادارے اور محکمے مل کر کام کریں گے ۔ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی کے ساتھ ہوا کرے گا۔