این ای او سی نے یکم مارچ تک ممکنہ موسم کی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی

پیر 24 فروری 2025 23:08

این ای او سی نے یکم مارچ تک ممکنہ موسم کی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2025ء)نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے یکم مارچ 2025تک ممکنہ موسم کی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ۔ ایڈوائزری کے مطابق داخل ہونے والے نئے موسمی سلسلے کے باعث ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، وسطی،جنوبی اور جنوب مشرقی پنجاب میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ برفباری / ڑالہ باری کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ بلوچستان میں صوبے کے مغربی، شمال مغربی اور شمالی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن سمیت بالائی اور مغربی خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری،گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ شمالی خیبر پختونخواہ میں شدید بارشیں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے ساتھ ڑالہ باری متوقع ہے جس سے سفری اور معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔

اس دوران سندھ میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو بھی ضروری ہدایات جاری کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت رسپانس،با لخصوص مری، گلیات اور شمالی علاقوں میں ممکنہ برف باری کے خطرے کے پیش نظر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحا ل سے آگاہی کے لیے ''پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ'' استعمال کریں۔