بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا

ملک کے بیشتر مقامات پر بادل برسیں گے، بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ رمضان المبارک کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 24 فروری 2025 22:45

بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2025ء) بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ، ملک کے بیشتر مقامات پر بادل برسیں گے، بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ رمضان المبارک کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا استقبال بارشوں اور برفباری کے باعث سرد موسم سے ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے آئندہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں بارشیں ہونے اور بلوچستان، شمالی علاقوں میں زبردست برفباری ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہو گیا جس کے بعد بارشوں کا نیا سپیل برسنے کو تیار ہے۔ محکمہ موسمیات نے 2 مارچ تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے بیشتر مقامات پر آج شام سے بادل برسیں گے۔ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

شمالی اور پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے بلند مقامات پر منگل سے 2 مارچ تک شدید برفباری ہوگی۔ مری اور گلیات میں کل سے یکم مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ بلوچستان اور سندھ میں 25 سے 26 فروری کے درمیان ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔ خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور برفباری کے اس سلسلے کے باعث ایک مرتبہ پھر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ہو جائے گا ۔