سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 20 دہشت گرد گرفتار

ہفتہ 1 مارچ 2025 16:50

سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 20 دہشت گرد گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2025ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پنجاب نے صوبہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے20 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج کے2 انتہائی خطرناک جبکہ راولپنڈی سے دہشت گرد منموہن سنگھ کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا جس کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 162 کارروائیاں کیں، جن میں 162 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 20 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد ودیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں نقیب اللہ ،ریاض ،ابوبکر ،عثمان ،یونس ،اطلس خان ،محمد طاہر اورمنموہن سنگھ وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق فتنہ خوارج اور دیگر تنظیموں سے ہے، ان دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور ، فیصل آباد ،خانیوال ،بہاولنگر ،راولپنڈی ،چنیوٹ ،ساہیوال ،شیخوپورہ ،سیالکوٹ اوربہاولپور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کی گئی۔ دہشتگردوں کے قبضے سے 6238 گرام دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز 23، سیفٹی فیوز وائر 61 فٹ، آئی ای ڈی بم3،کالعدم تنظیم کے 75پمفلٹ ، میگزین ،موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے لاہور اور دیگر شہروں میں اہم عمارتوں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا ، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 18 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش جا ری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 2231 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے،87565 افراد کو چیک ،395 مشتبہ افراد کو گرفتار ، 481 ایف آئی آر درج اور359 بازیابیاں کی گئیں۔ترجمان نے کہاکہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ،شہری کسی بھی متعلقہ معلومات کی صورت میں ہیلپ لائن کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب 11111 ۔0800پر کال کریں ۔