Live Updates

عمران خان کے مضمون اڈیالہ جیل سے ہاؤس اریسٹ کرنے کا بےبنیاد اور جھوٹا دعویٰ کیا گیا

مذاکراتی عمل کے دوران سرے سے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، بہتر ہوتا کہ عمران خان بتا دیں یہ پیشکش کس کی طرف سے کس نے کب ان تک پہنچائی؟ سینیٹر عرفان صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 مارچ 2025 23:36

عمران خان کے مضمون اڈیالہ جیل سے ہاؤس اریسٹ کرنے کا بےبنیاد اور جھوٹا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ یکم مارچ 2025ء ) پی ایم ایل این کے مرکزی رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کے مضمون اڈیالہ جیل سے ہاؤس اریسٹ کرنے کا بےبنیاد اور جھوٹا دعویٰ کیا گیا، مذاکراتی عمل کے دوران سرے سے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی میگزین ٹائم میں شائع ہونے والا عمران خان کا مضمون، عالمی سطح پر پاکستان کے چہرے پر کالک تھوپنے کی انتہائی قابل مذمت کوشش ہے۔

حکومت، عدلیہ، مسلح افواج اور تمام دوسرے اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے پاکستان کی صورت حال کو ’’ سیاہ عہد ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ مضمون میں یہ جھوٹا، غلط اور بے بنیاد دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران انہیں ( عمران خان کو ) اڈیالہ جیل سے نکال کر ہاؤس اریسٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اُنہیں کسی بھی مرحلے پر سرے سے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی ۔

بہتر ہو عمران خان بتا دیں کہ یہ پیشکش کس کی طرف سے کس نے کب ان تک پہنچائی؟ دوسری جانب سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹرمپ سے مداخلت کرنے کی اپیل درست اقدام ہے، بانی پی ٹی آئی کے پاس عالمی اداروں اور فورمزکے علاوہ کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے ، اس وقت ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو مفلوج کردیا گیاہے تو پھر اپیل کس سے کی جائے گی۔

انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے حالات بڑے مختلف ہیں، الیکشن مہم میں بھی یوکرین پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جنگ جاری نہیں رکھیں گے، الیکشن میں ٹرمپ نے جو بھی وعدے کئے ان پر عملدرآمد کررہے ہیں۔ اس وقت ہمارے سامنے ایک نیا ورلڈ آرڈر سامنے آرہا ہے۔ یوکرینی صدر جب اپنے ملک پہنچیں گے تو اس کے نتائج بھی سامنے آجائیں گے۔

پاکستانی لیڈر جو بھی امریکی صدر ملاقات کرے گا، وہ نوازشریف ہوں، عمران خان یا شہبازشریف ہوں ظاہر ان کو سوچ سمجھ کر ہی بات کرنا ہوگی۔ اس وقت پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کو عالمی صورتحال کا جائزہ لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں جب بھی روائتی سیاسی معاملات ہوتے ہیں تو پھر امریکا، سعودی عرب اور یواے ای مداخلت کرتا ہے، اس وقت ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو مفلوج کردیا گیاہے، پھر اپیل کس سے کی جائے؟عمران خان کی ٹرمپ سے مداخلت کرنے کی اپیل درست اقدام ہے ، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے ، اس وقت ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو مفلوج کردیا گیاہے، پھر اپیل عالمی اداروں اور فورمز سے ہی کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات