ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اسی تنخواہ پر کام کریں گے

ملک برے حالات اور ڈیفالٹ کی صورتحال سے باہر نکلا ہے، اس کو مستحکم ہونے دیں، پھرالیکشن بھی ہوگا اور حکومتیں بھی بدلیں گی، اگر اچھی پیشرفت نظر آئی ہے تواب آپ چاہتے کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ دست وگریباں ہوجائیں؟وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 5 مارچ 2025 23:35

ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اسی تنخواہ پر کام کریں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 مارچ 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اسی تنخواہ پر کام کریں گے، ملک برے حالات اور ڈیفالٹ کی صورتحال سے باہر نکلا ہے، اس کو مستحکم ہونے دیں، پھرالیکشن بھی ہوگا اور حکومتیں بھی بدلیں گی۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اگر شکریہ ادا کیا ہے تو یہ دیکھنا چاہئے افغانستان میں جو صورتحال ہے یہ پیدا کرنے میں پوری دنیا اور نیٹو ملوث تھے اب سب کچھ ہمارے پاس چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں، پاکستان اب اس کا سامنا کررہا ہے، امریکا اور مغرب کو پاکستان کی پشت پر کھڑا ہونا چاہئے، کیونکہ دہشتگردی اگر پھیلے گی تو پوری دنیا کو متاثر کرے گی۔

پاکستان دہشتگردی کیخلاف ایسی جنگ لڑرہا ہے، جوپاکستان کے بقاء اور اسلام کی سربلندی کی جنگ ہے، گمراہ کن دلائل دینا دہشتگردی کی حمایت ہے، دہشتگرد صرف اور صرف مجرم اور دہشتگرد ہیں، ان کا قلع قمع ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے کو تقسیم کرنے کا لٹریچر دشمن کے کلبھوشن جیسے ایجنٹ چھپواتے ہیں اور کاروائیاں کرتے ہیں، مہم چلاتے ہیں۔ ماہرنگ بلوچ کو اگر الیکشن میں دھاندلی سے متعلق مسئلہ ہے تو بات کریں یہ نہیں ہوسکتا کہ بسوں سے اتار کر لوگوں کو قتل کیا جائے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اسی تنخواہ پر کام کریں گے، ملک بڑے برے حالات اور ڈیفالٹ کی صورتحال سے باہر نکلاہے، خدا خدا کرکے ملک استحکام کی طرف بڑھا ہے، اس کو مستحکم ہونے دیں، پھر الیکشن بھی ہوگا اور حکومتیں بھی بدلیں گی ، اگر اچھی پیشرفت نظر آئی ہے تواب آپ چاہتے ہیں پیپلزپارٹی اور لیگ دست وگریباں ہوجائیں؟