پرویز خٹک کو وزیر بنانے کا فیصلہ (ن) لیگ کا نہیں‘رانا ثنا اللہ

فیض حمید نے بریفنگ دی طالبان کو واپس آنے کا موقع دیا جائے تو مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا محسن نقوی کا تعلق کس پارٹی سے ہے وہ خود ہی بتا سکتے ہیں،بطور سینیٹر (ق) لیگ ،آصف زرداری نے سپورٹ کیا‘ انٹر ویو

جمعہ 7 مارچ 2025 18:05

پرویز خٹک کو وزیر بنانے کا فیصلہ (ن) لیگ کا نہیں‘رانا ثنا اللہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2025ء)وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی کا تعلق کس پارٹی سے ہے اس بارے وہ خود ہی بتاسکتے ہیں ،پرویز خٹک کو وزیر بنانے کا فیصلہ (ن) لیگ کا نہیں ۔پارلیمنٹ ہاوس میں دہشتگردی سے متعلق ان کیمرا بریفنگ ہوئی تھی جس میں وزرائے اعلی اور تمام جماعتوں کی نمائندگی تھی جبکہ جنرل (ر) قمر باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید بریفنگ میں آئے تھے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس وقت کے آرمی چیف نے بریفنگ میں اعداد و شمار سے بات کی تھی جبکہ خالد مگسی اور جماعت اسلامی کے رکن نے طالبان کو واپس لانے کی مخالفت کی تھی۔فیض حمید نے بریفنگ دی کہ طالبان کو واپس آنے کا موقع دیا جائے تو مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا اور وہ جنرل (ر)باجوہ کی منظوری کے بغیر یہ بات نہیں کر سکتے،بریفنگ اتمام حجت تھی اور وہ طالبان کو واپس لانے کا فیصلہ کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر)قمر باجوہ نے مجھے کہا تھا مجھ پر منشیات کا مقدمہ انہوں نے نہیں بنایا۔انہوںنے کہا کہ پرویز خٹک کو وزیر بنانے کا فیصلہ (ن)لیگ کا نہیں ، صرف (ن) لیگ کی حکومت ہوتی تو پرویزخٹک کابینہ کا حصہ نہ ہوتے ، پرویز خٹک کا مسلم لیگ (ن)سے تعلق نہیں ،محسن نقوی خود بتائیں گے ان کا کس پارٹی سے تعلق ہے ، انہیں بطور سینیٹر لیگ اور آصف زرداری نے سپورٹ کیا۔