کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 8 مارچ 2025 11:48

کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے،   سید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے،خواتین کو بااختیار بنائے بغیر اور ان کی صلاحیتوں کو قومی ترقی میں شامل کیے بغیر ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔

ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور حقوق دیئے ہیں اور ہر قسم کے صنفی امتیاز کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، معیشت، سیاست اور دیگر سماجی شعبوں میں خواتین کی شرکت اور قیادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں، جنہوں نے خواتین کے حقوق، جمہوریت کے استحکام اور سماجی ترقی کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔چیئرمین سینیٹ نے تحریکِ پاکستان کے دوران خواتین کے تاریخی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان اور دیگر خواتین رہنماؤں کی جدوجہد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ خواتین نے ہر دور میں قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج بھی وہ ملک کی خوشحالی اور استحکام میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ پارلیمان اور حکومت خواتین کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔