سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرمیاں محمد رئوف عطاء کی مفتی شاہ میر کے قتل کی مذمت، بلوچستان میں قیام امن کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور

ہفتہ 8 مارچ 2025 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرمیاں محمد رئوف عطاء نے مفتی شاہ میر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بلوچستان میں قیام امن کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ مشہور سیاسی و مذہبی رہنما، مفتی شاہ میر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں ، جنہیں گزشتہ رات تربت میں نامعلوم حملہ آوروں نے بے دردی سے قتل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ خضدار میں دو دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے حالیہ قتل کے بعد ہوا ہے، انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے اللہ تعالی سے دعاکی۔ انہوں نے صوبے میں سکیورٹی کی سنگین صورتحال پر تشویشناک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات تمام متعلقہ فریقین، بشمول صوبے کے قوم پرست رہنماؤں کے درمیان ایک پائیدار امن معاہدے کے متقاضی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نےتمام قومی سیاسی رہنماؤں، بشمول میاں محمد نواز شریف، مولانا فضل الرحمٰن، بلاول بھٹو زرداری، محمود خان اچکزئی، نواب اسلم خان رئیسانی، سردار اختر مینگل، ڈاکٹر عبد المالک اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپن تمام تر سیاسی ی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جلد از جلد کوئٹہ کا دورہ کریں۔ تاکہ عام عوام کے امن و سکون کے لیے کوئی راستہ نکا لا جاسکے ۔