زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین موثر کردار ادا کر رہی ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بے نظیر بھٹو جدوجہد ، عزم اور ہمت کی مثال ہیں، میئرکراچی کا عالمی یوم خواتین پر پیغام

ہفتہ 8 مارچ 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین موثر کردار ادا کر رہی ہیں، تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ حصہ لیا ، محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بے نظیر بھٹو جدوجہد ، عزم اور ہمت کی مثال ہیں، ان خیالات کا اظہار میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا، میئر کراچی نے کہا کہ خواتین دراصل قوم کی معمار ہیں اور آئندہ نسل کی تعلیم و تربیت کے لئے ہمیں خواتین کو تعلیم یافتہ اور خود مختار بنانا ہوگا، لڑکیوں کی بہتر پرورش اور تعلیم و تربیت کے ذریعے ہم ایک بہتر قوم کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خواتین ، ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کے روپ میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنے موثر کردار ادا کرتی ہیں اور خاندان اور معاشرہ بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کونسل میں خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے قانون سازی میں بھرپور آواز ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو اہمیت دی ہے اور ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی اور وزیراعظم کی حیثیت سے ایسے اقدامات کئے جن سے خواتین کو فوائد حاصل ہوں، انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کا ایک ذریعہ ہے، میئر کراچی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم خواتین کو معاشرے کا فعال شہری بنائیں اور انہیں مکمل آزادی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع فراہم کریں تاکہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ، بہبود اور سلامتی کے لئے کام کرسکیں، میئر کراچی نے تمام خواتین کو ان کے عالمی دن کے موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ خواتین آئندہ نسل کی اس طرح تربیت کریں کہ ہماری نوجوان نسل پاکستان کو ترقی کی منازل کی جانب لے جائے کیونکہ آئندہ ملک کی بھاگ ڈور اسی نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہوگی۔