Live Updates

عمران خان سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی نے 6 نام جیل حکام کو بھیجوا دئیے

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پارٹی کے بانی چیئرمین سے ملاقات کا دن ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 مارچ 2025 11:48

عمران خان سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی نے 6 نام جیل حکام کو بھیجوا دئیے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لئے 6 نام اڈیالہ جیل حکام کو بھیجوا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج تحریک انصاف کے پارٹی رہنماؤں کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، پارٹی قائد سے آج ملاقات کے لئے پی ٹی آئی کی جانب سے 6 نام اڈیالہ جیل حکام کو بھیجوائے گئے ہیں، جن میں مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا نام ملاقات کرنے والوں کی لسٹ میں شامل ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پارٹی قائد کی عمران خان سے آج کی ملاقات اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے ہیں ملکی صورتحال پر مولانا فضل الرحمان گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حصہ بنیں، جس کے لیے انہوں نے پارٹی قائدین کو چند ذمہ دارایں سونپی تھیں، جس کے بعد پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کے وفد کے مابین پارلیمنٹ لاجز میں میٹنگ ہوئی، دونوں وفود کے مابین بات چیت انتہائی خوشگوار رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ اپوزیشن اتحاد کے معاملے پر ہونے والی اس ملاقات میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی ف سے الائنس کے لیے ٹی او آرز طلب کیے ہیں، جس پر جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماؤں نے ٹی اوآرز پر پارٹی کے امیر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا، جمعیت علمائے اسلام ف کے ٹی او آرز موصول ہونے پر بانی پی ٹی آئی سے ان پر مشاورت کی جائے گی تاہم جے یو آئی ف سے اتحاد انتخابی نہیں صرف سیاسی ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات