سندھ میں جامعات کے وائس چانسلر کی اہلیت میں کمی، ڈومیسائل کی شرط ختم

ہائرایجوکیشن کمیشن کے قواعد میں پروفیسر بننے کیلئی15تحقیقی جرائد لازمی ہوتے ہیں تاہم پی ایچ ڈی امیدوار کو ترجیح تک محدود کردیا گیا

منگل 18 مارچ 2025 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)سندھ حکومت نے وائس چانسلر کی اہلیت میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے لیے سندھ ڈومیسائل کی شرط ختم کردی ہے۔تحقیقی جرائد کی تعداد 15 سے کم کر کے 10 کردی گئی ہے، ڈاؤ یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی اسکرنڈ اور دیگر جامعات میں وائس چانسلر کی آسامیوں کے لیے دیے گئے اشتہار میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قواعد میں پروفیسر بننے کیلئی15تحقیقی جرائد لازمی ہوتے ہیں تاہم پی ایچ ڈی امیدوار کو ترجیح تک محدود کردیا گیا، جبکہ گریڈ 21کے ماسٹر ڈگری ہولڈر امیدوار کو اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خواہ، وفاق اور آزاد جموں و کشمیر میں عمر کی آخری حد 65 برس مقرر ہے، اشتہار میں گریڈ 17یا بالا میں انتظامی تجربہ 10برس کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے عمر کی آخری حد 62 برس کر دی گئی ہے، جبکہ سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 28 مارچ مقرر کہ گئی ہے۔سرکاری جامعات میں سول سروس آفیسرز کے لیے وائس چانسلر کے عہدے پر تقرری کی نئی شرائط لاگو کی گئی ہے۔ جبکہ سندھ کے ڈومیسائل کی شرط ختم کرنے کی ہدایت صدر آصف زرداری نے کی تھی۔