بدرمیدان میں ایمان ویقین کے جذبے سے سرشارمجاہدین کو فتح ہوئی،آج اسی جذبے کی ضرورت ہے،جماعت اسلامی سندھ

غزہ کے مظلوم مسلمانوں نے اسرائیل کا تکبروغرور کو خاک میں ملاکریوم بدر کی یاد تازہ کردی ہے،اسدللہ بھٹو ،کاشف سعید شیخ ،ممتازسہتو،محمد یوسف ودیگرکا یوم بدرکے اجتماعات سے خطاب

منگل 18 مارچ 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)بدرکے میدان میںتھوڑی تعداد کے باوجود ایمان ویقین کے جذبے سے سرشارمجاہدین کو اپنے سے کئی گنا زیادہ کفارکے لشکرپرفتح ہوئی،آج اسی جذبہ کو بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔یہ بات جماعت اسلامی کے تحت کراچی تاکشمور یوم بدرکے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے مقررین نے اپنے خطاب میں کہی۔جماعت اسلامی سندھ کے تحت 17رمضان کو اسلام وکفر کے پہلے معرکہ یوم بدربھرپورجوش وجذبہ کے ساتھ منایاگیا، اس سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے جماعت اسلامی کے مرکزی ،صوبائی اورمقامی رہنمائوں کے علاوہ علمائے کرام ودانشوروں نے بھی خطاب کیا۔

سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے گھارومیں یوم بدرکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حق و باطل کے اس پہلے معرکے میں اسلام کی شاندارفتح نے مسلمانوں کو عرب کی عظیم قوت بنا دیا۔

(جاری ہے)

آج دنیا بھر میں جگہ جگہ مسلمان مظلوم ہیں فلسطین مقبوضہ کشمیر سمیت ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا اور ان کاناحق خون بہایا جارہا ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں مظلوم مسلمانوں کی بجائے جارحیت اور ظلم و جبر کرنے والوں کا ساتھ دے رہی ہیں۔

اس لیے ظلم وجبرکے خلاف آج 313والے جذبے کی ضرورت ہے۔لاڑکانہ میں امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے یوم بدرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں نے اسرائیل کا تکبروغرور کو خاک میں ملاکریوم بدر کی یاد تازہ کردی ہے۔یوم بدر کا پیغام بھی یہی ہے کہ میدان جنگ میں کامیابی کا انحصار مادی وسائل سے زیادہ نظریاتی اور اخلاقی حیثیت پر ہے بدر میں یہ ثابت ہوگیا کہ امت جب ایمان اور یقین کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو اللہ کی نصرت اس کے ساتھ ہوتی ہے۔

آج غزہ میں ایک بار پھر سے صہیونی افواج نہتے اور مظلوم مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں ایک دن میں ساڑھے تین سو سے زائد افراد شہید کردیئے گئے جبکہ ہزاروں زخمی اور غزہ کی چھوٹی پٹی سے لوگوں کو تیسری مرتبہ ہجرت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن بڑی بڑی مسلم ریاستیں جن کے پاس دولت اور اسلحے کے انبار ہیں وہ بے شرمی کے ساتھ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں،عالم اسلام کی پہلی ایٹمی ریاست اپنے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مظلوموں کی مدد کرنے کی بجائے اپنی بقاکیلئے پریشان ہے ایسے میں ہمیں ایک بار پھر سے عمرؓ اور سلطان صلاح الدین ایوبی جیسے حکمرانوں کی اشد ضرورت ہے۔

ٹنڈومحمدخان میں مقامی ہال میں منعقدہ یوم بدرکے اجتماع سے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام اور کفر کے درمیان پہلا معرکہ بدر کے مقام پر2ھجری 17رمضان المبارک کو ہواجس میں اللہ تعالیٰ نے اسلام کو شاندار فتح سے نوازااورکفر کی کمر توڑ کر رکھ دی۔اس لئی17رمضان کو اللہ تعالیٰ نے’’ یوم الفرقان‘‘ کانام دیاہے۔

بدر کا یہ معرکہ تاریخ اسلام کے عظیم ترین غزوات کے لئے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ دریں اثناء مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے جندو ڈیرو شکارپور، نائب امیر صوبہ حافظ نصراللہ عزیز ملیر، قیم صوبہ امداد اللہ بجارانی شہداد کوٹ، نائب قیم صوبہ سہیل شارق نے عمر کوٹ، مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری نے ٹنڈوآدم میںیومِ بدر کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کیا۔