سستی بجلی پر عوام کا احتجاج ہی حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دِلائے گا

قوم عید کے بعد سستی بجلی کیلئے بڑی تحریک کیلئے تیار ہے، قومی اتفاقِ رائے سے ازسرِنو قومی ایکشن پلان دہشت گردی کے سدِباب اور ملک دشمن بیرونی قوتوں کو طاقت ور جواب ہوگا۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 19 مارچ 2025 19:24

سستی بجلی پر عوام کا احتجاج ہی حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19مارچ 2025ء ) جماعتِِ اسلامی کے نائب امیر اور سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ہری پور میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کیا اور امیرِ صوبہ خیبرپختونخوا ہزارہ عبدالرزاق عباسی امیرِ ضلع طاہر عتیق سدیق، نائب امیرِ ہزارہ غزن اقبال کے ہمراہ معززین، سیاسی و صحافتی قائدین کے ساتھ عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ بدر نے اہلِ ایمان کے لیے باطل و کفر پر فتح و بالادستی کا مستقل پیغام دیا کہ تقویٰ، استقامت اور ایثار و قربانی ہی اہلِ ایمان کی اصل طاقت ہے۔

اُمت کے انتشار کے خاتمہ کے لیے اتحادِ اُمت اور عالمِ کفر کے مقابلہ میں جذبہ جہاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ 17 رمضان المبارک کو ہی اسرائیل نے فلسطینیوں پر ازسرِنو جنگ اور موت مسلط کردی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل امریکی سرپرستی کے باوجود پہلے بھی ذِلت اور شکست سے دوچار ہوا اور اب بھی انشائاللہ اُسے ناکامی ہی ہوگی۔ اسرائیلی جارحیت دُنیا کے جمہوریت اور انسان دوست حلقوں میں بیداری کی نئی لہر پیدا کرے گا۔

عالمِ اسلام کی قیادت بزدلی اور مجرمانہ غیرفعالیت ترک کرے اور فلسطینیوں کو ظلم سے محفوظ رکھنے، فلسطین کی آزادی کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کرنے کا ناگزیر فرض ادا کرے۔ پاکستان کے عوام فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ، قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے پارلیمنٹ میں حکومتی گھریلو اجلاس قوم سے مذاق ہے۔

حکومت اور سکیورٹی ادارے تنہا ہیں، عوام فاصلے پر کھڑے ہیں۔ قومی اتفاقِ رائے سے ازسرِنو قومی ایکشن پلان دہشت گردی کے سدِباب اور ملک دشمن بیرونی قوتوں کو طاقت ور جواب ہوگا۔ حکومت، اپوزیشن اور سکیورٹی اداروں کا قومی اعتماد کی بحالی کے لیے مشترکہ مؤقف تو ہوگیا ہے لیکن اب پارٹی، حکومتی اور ادارہ جاتی ضِد، اَنا اور ہٹ دھرمی کی بجائے قومی سلامتی اور قومی مفاد کو ترجیح دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

حکومت وفاق کیساتھ صوبوں کے پانی، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی حقوق، قدرتی وسائل پر صوبوں کے حقِ ملکیت کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس  کے ذریعے ازالہ کرے۔ افراطِ زر مہنگائی کے خاتمہ اور بیروزگاری کے سونامی کو روکنے کے لیے قرضوں، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال سے نجات حاصل کرکے خودانحصاری، خوداعتمادی کے لیے اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد اور زراعت، صنعت، برآمدات کو معاشی بحالی کی طاقت بنانے کے لیے پیداواری لاگت کم کرنا ہوگی۔

سستی بجلی کے لیے قوم عید کے بعد بڑی تحریک کے لیے تیار ہے۔ سستی بجلی پر عوام کا احتجاج ہی حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دِلائے گا۔ لیاقت بلوچ نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست مافیاز نوجوانوں کو مایوس رکھنے کے لیے تعصبات، منشیات، ذہنی فکری زوال کا شیطانی کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتیں پاکستان کے لیے ایٹم بم سے زیادہ طاقت ور ہیں۔

نوجوان جماعتِ اسلامی کے 'بنو قابل' پروگرام کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کا ہُنر سیکھیں۔ سیاسی مافیاز اور غیرآئینی بالادست قوتیں نوجوانوں کو مایوس رکھنے کے لیے ملک دشمن رویوں سے کام لے رہی ہیں۔ نوجوان بیدار رہیں، نوجوان، طلبہ و طالبات قومی اور نظریاتی کردار کی طاقت سے اپنے اور ملک دشمن مافیاز کو شکست دیں۔ مایوس ہونا، ملک چھوڑنا، تعصبات و منشیات کا شکار ہونا دشمن کی جیت ہوگی۔ نوجوان ہی ملک و مِلت کا اصل سرمایہ ہیں۔