واپڈاقدرتی ذخائر کے تحفظ وپاکستان کی خوشحالی کیلئے پانی کے پائیدار انتظام کی اہمیت سے آگاہ ہے، چیئرمین واپڈا کا ورلڈ واٹر ڈے اورارتھ آور پر پیغام

جمعہ 21 مارچ 2025 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) ورلڈ واٹر ڈے و ارتھ آور کے موقع پرچیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ22 مارچ کا دن نہایت اہمیت کا حامل ہے ،اس دن دنیا بھر میں بیک وقت " ورلڈ واٹر ڈے" اور " ارتھ آور" منائے جا رہے ہیں، یہ اہم واقعات ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری پوری کرنے کی یاد دہانی کراتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امسال ورلڈ واٹر ڈے"Save Our Glaciers" کے مرکزی موضوع کے تحت منایا جا رہاہے، گلیشیئرز پانی کے قدرتی ذخائر جو ہمارے دریائوں کیلئے زندگی کی حیثیت رکھتے اور تازہ پانی کا اہم ترین ذریعہ ہیں، تاہم گلوبل وارمنگ کی وجہ سے یہ گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس کے باعث نہ صرف واٹر سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں بلکہ زراعت، توانائی اور معمولات زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں آبی وسائل کے حوالے سے اہم ترین ادارہ ہونے کے ناطے واپڈاماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں گلیشیئرز جیسے اہم قدرتی ذخائر کے تحفظ اور پاکستان کے استحکام و خوشحالی کیلئے پانی کے پائیدار انتظام و انصرام کی اہمیت سے آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال بھی" ارتھ آور " کا مرکزی موضوع "Give Earth an Hour" ہے،عالمی سطح پر ارتھ آورمنانے کا اقدام کاربن کے اخراج میں کمی کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے اجتماعی ذمہ داری کا مظہر ہے، واپڈا پن بجلی کی موجودہ پیداوار کم و بیش 9ہزار 500 میگا واٹ ہے، ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار کی ذریعے واپڈا پاکستان میں کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے عمل میں پیش پیش ہے، دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ سمیت واپڈا کے دیگر زیر تعمیر منصوبوں کے ذریعے پانی ذخیرہ کرنے اور پن بجلی پیداکرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ کی غرض سے توانائی کیلئے تیل پر انحصار میں بھی کمی لائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ واپڈا کے ان زیر تعمیر منصوبوں کی بدولت 2029-30 تک پاکستان میں نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 9.7 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا بلکہ ماحول دوست پن بجلی کی پیداواربھی 10 ہزار میگا واٹ اضافہ کے ساتھ دگنا یعنی 19ہزار 500 میگا واٹ ہوجائے گی، واپڈا کی یہ کاوش ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان کے عہد کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ، پائیدار اور سرسبز مستقبل کیلئے ہمارے ویژن کی عکاس بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج کے دن کرہ ارض اور اس کے بیش بہا وسائل کو محفوظ بنانے کیلئے تجدید عہد کی ضرورت ہے، پاکستان کا ایک اہم قومی ادارہ ہونے کی حیثیت سے واپڈا پائیدار مستقبل کیلئے اپنے فرائض تن دہی سے سرانجام دیتا رہے گا تاکہ ماحولیات پر سمجھوتہ کیئے بغیر ہمارے ملک میں پانی اور توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔