Live Updates

عمران خان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حکومت کی حمایت کریں پھر شاید قوم انہیں معاف کردے ‘ رانا تنویرحسین

ہفتہ 22 مارچ 2025 20:31

عمران خان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حکومت کی حمایت کریں پھر شاید قوم ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء) وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مانیں ان سے اور انکی جماعت سے وہ غلطیاں ہوئیں جو پاکستان کے خلاف دشمن بھی نہ کرسکا ،قوم سے معافی مانگیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کی حمایت کریں پھر شاید قوم انہیں معاف کردے ،مجھے نہیں لگتا کہ مستقبل کی سیاست میں عمران خان کا کوئی کردار ہو ۔

انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کے اچانک دورے کے دوران ایم ایس ڈاکٹر احمد عمار آصف کے ہمراہ گائنی یونٹ ٹراما سنٹر ڈیلاسز سنٹر اور دیگر شعبہ جات کو چیک کیا اور مریضوں کو بہتر سہولتیں دینے پر ایم ایس ڈاکٹر احمد عمار آصف انکی ٹیم کو شاباش دی ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف ،وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر اعلی مریم نواز کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے کہ صحت وتعلیم کو اولین ترجیح دی جائے ،مسلم لیگ (ن) کے دور میں جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے چوبیس گھنٹے ادویات لیبارٹری ڈاکٹروں کی سہولت فراہم کی یہاں تک کہ مریم نواز کی محنت سے پنجاب کے دیہاتی علاقوں بی ایچ یو سنٹروں تک تمام جدید سہولتیں پہنچادی گئی ہیں ،چوبیس گھنٹے ایم بی بی ایس اور گائنی ڈاکٹر کی سہولت بھی شروع کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

افسوس کہ میاں نواز شریف اور میاں شریف نے صحت اور تعلیم پر جو کام کئے پی ٹی آئی قائد عمران خان اسکے ٹولہ نے تباہی لائی ،کرپشن بدعنوانی کی ایسی داستانیں رقم کیں انکا ایک وفاقی وزیر محکمہ صحت کو اربوں کا چونا لگا کر چلتا بنا ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی جماعت نے جو پاکستان مخالف سازشیں کیں ان پرقوم سے معافی مانگیں انہیں معلوم ہے جو کچھ وہ پاکستان کے خلاف کرچکے پاکستان کے کسی دشمن نے بھی نہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اوراسکی جماعت ایکسپوز ہوچکی مستقبل کی سیاست میں مجھے عمران خان کی سیاست نظر نہیں آرہی ،عمران خان قوم سے معافی مانگ کر مہنگائی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت کی حمایت کریں وگرنہ جو رویہ اختیار کررکھا ہے بانی پی ٹی آئی کو قوم معاف نہیں کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات