کراچی میں بلا امتیاز و تفریق ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

ترقیاتی کاموں کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے،میئرکراچی

منگل 25 مارچ 2025 18:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیڈرل بی ایریا میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بلا امتیاز و تفریق ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کررہی ہے، ان ترقیاتی کاموں کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے، منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پیپلز پارٹی کے رہنما سردار محمد، چیف انجینئر ورکس طارق مغل، سپرنٹنڈنٹ انجینئر وسطی ذوالفقار ابڑو اور پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر کام جاری ہے، بلاک13 فیڈرل بی ایریا سے یوسی چیئرمین ہماری پارٹی کا نہیں ہے اور نہ ہی ممبران صوبائی و قومی اسمبلی ہمارے ہیں لیکن ہم بلا تعصب اور کسی تفریق کے بغیر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ماضی میں یہاں کی اندرونی گلیوں کا برا حال تھا لیکن اب ہم نے انہیں بہتر بنا دیا ہے، اس علاقے میں ایک لاکھ 25ہزار فٹ سڑک کی کارپیٹنگ کی گئی ہے،ایک لاکھ 88 ہزار پیور بلاک لگائے گئے ہیں اور 10 کروڑ روپے کی لاگت سے فیڈرل بی ایریا کے بلاک۔

(جاری ہے)

13 اور 17 میں ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس 106 بڑی سڑکیں ہیں، گلی کوچوں میں کام کرنے کی بلدیہ عظمیٰ کی ذمہ داری نہیں ہے لیکن اس کے باوجود عوام کی تکالیف کو دیکھتے ہوئے ہم گلیوں کو بھی درست کر رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کی ترقی کے لئے سو ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج نو روز گزرنے کے باوجود ایک روپیہ بھی کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں منتقل نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرکے اس بات کو یقینی بنائیں تاکہ ہم مزید ترقیاتی کام کرا سکیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ہر یوسی چیئرمین کو 12 لاکھ روپے ماہانہ فراہم کر رہی ہے اور یہ رقم تمام یوسی چیئرمین کو فراہم کی جارہی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کو جلد مکمل کرلیں گے، عید کے بعد قائد آباد تک اور 31 دسمبر تک اس شاہراہ کو کاٹھور تک مکمل کرلیا جائے گا، یہ منصوبہ پاکستان پیپلزپارٹی بنا رہی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ملیر میں مرغی خانے کا نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے، اسی طرح جام صادق پل کا تعمیراتی کام 31 مارچ تک مکمل کرلیں گے، کورنگی کاز وے پر بھی کام جاری ہے جبکہ مینا بازار انڈرپاس پر کام میں اب تیزی لائی گئی ہے، اسی طرح منور چورنگی اور بلوچ کالونی ایکسپریس وے پر بھی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے میئر اختیارات اور فنڈز کا رونا روتے رہتے تھے جب سے پیپلزپارٹی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا انتظام سنبھالا تو ہم نے اختیارات اور وسائل کا رونا رونے کے بجائے شہر میں ترقیاتی کام کروائے، میئر کراچی نے گورنر سندھ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کھوکھلے وعدہ کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے نہ ہی شترمرغ کڑاہی اور آئی فون باٹنے سے کوئی مسئلہ حل ہوگا، گورنر صاحب اگر کراچی کی بہتری اور ترقی چاہتے ہیں تو اپنی پارٹی کی جانب سے کی گئی چائنا کٹنگ کی زمینیں واپس دلوائیں، میئر کراچی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گورنر سندھ کا وہ ذاتی احترام کرتے ہیں لیکن جو وعدے انہوں نے ہم سے کئے ہیں وہ اسے پورا کریں،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت ہے اور اپنے سیاسی حکمت عملی خود بناتی ہے، یہ ہم سب کا شہر ہے اور ہم ہر علاقے کو برابری کی بنیاد پر ترقی دیں گے، کراچی میں ترقی کا سفر جاری رہے گا اور وہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر کراچی کی بہتری کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، کراچی کی عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور دو سالوں میں بدل ہوا اور ترقی یافتہ شہر آپ کے سامنے ہوگا۔