صدر میں ٹریفک کے نظام کو فوری بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،میئرکراچی

عید کے بعد پانچ سو گاڑیوں کی بیک وقت پارکنگ فعال کردی جائے گی،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

منگل 25 مارچ 2025 18:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صدر میں ٹریفک کے نظام کو فوری بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عید کے بعد پانچ سو گاڑیوں کی بیک وقت پارکنگ فعال کردی جائے گی، تاریخی ایمپریس مارکیٹ کی اندرونی حصوں کی بحالی کا کام جاری ہے اور مارکیٹ سے تجاوزات بھی ختم کی جارہی ہیں، ان خیالا ت کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایمپریس مارکیٹ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا، میونسپل کمشنر افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بولٹن مارکیٹ کے قریب بھی ایک پارکنگ ایریا بنایا جا رہا ہے، اسی طرح پولو گراؤنڈ بارہ دری سے متصل انڈرگراؤنڈ پارکنگ،پی آئی ڈی سی اور آئی آ ئی چندریگرروڈ آنے والوں کے لئے کھول دی گئی ہے، میئر کراچی نے گورنر سندھ سے بھی ریلوے کی زمین کے ایم سی کو دینے کی درخواست کی ہے اگر یہ زمین مل گئی تو آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے پارکنگ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے مزید پارکنگ ایریاز بھی بنا ئے جائیں گے، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور کراچی میں سڑک کے کنارے پارکنگ کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ جس طرح روزانہ کی بنیاد پر کراچی کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر ہی سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں بڑھتی جا رہی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ ٹریفک منظم نہ ہونے کے باعث عوام کا قیمتی وقت اور ایندھن ضائع ہوتا ہے جس کے باعث شہریوں میں عدم برداشت، غصہ اور تناؤ بڑھ گیا ہے، میئر کراچی نے ٹریفک پولیس انتظامیہ سے بھی کہا ہے کہ ٹریفک کے دباؤ والے علاقوں میں زیادہ نفری تعینات کریں تاکہ ٹریفک رواں دواں رہے، میئر کراچی نے شہریوں سے درخواست کی کہ گاڑیوں کو اسی جگہ پارک کریں جہاں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ کروڑوں کی آبادی روزانہ روزگار اور دیگر معاملات کے لئے گھروں سے نکلتی ہے اور اگر ٹریفک کا نظام منظم نہ ہوتو اس سے مختلف مسائل جنم لیتے ہیں، میئر کراچی نے ایمپریس مارکیٹ کے اندرونی حصوں کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ ایمپریس مارکیٹ کو اصل حالت میں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کے اندرونی اور بیرونی حصوں سے تجاوزات کا ہر صورت میں خاتمہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کراچی کا لینڈ مارک ہے اگر یہ جگہ تجاوزات سے گہری رہی تو ٹریفک کسی طور بھی منظم نہیں ہوسکے گا اور پارکنگ کے مسائل بھی اسی طرح رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ سے کراچی کے شہریوں کی یادیں بھی وابستہ ہیں اور ایک بڑی تعداد یہاں تازہ سبزیوں، پھلوں، مصالحہ جات، اجناس اور ڈرائی فورٹس کی خریداری کے لئے شہر کے مختلف حصوں سے آتی ہے۔