ملک میں گہری تقسیم اتفاق رائے پیدا کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ‘بلاول بھٹو زرداری

بدھ 26 مارچ 2025 23:27

ملک میں گہری تقسیم اتفاق رائے پیدا کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ‘بلاول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں گہری تقسیم اتفاق رائے پیدا کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہائوس میں پیپلز پارٹی کی مختلف تنظیموں کے عہدیداروں اور ارکان نے ملاقاتیں کیں۔ پیپلزلائرز فورم پنجاب کے صدر راحیل کامران چیمہ، سیکریٹری اطلاعات عظیم حفیظ اور قاسم گھمن ایڈووکیٹ نے پنجاب بار کونسل کے آئندہ انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جبکہ پارٹی لیڈرشپ کے ساتھ پی ایل ایف کے ڈویژنز کی ملاقاتوں کے حوالے سے بھی فیصلے ہوئے، راحیل چیمہ نے لاء آفیسرز کی تعیناتیوں پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی ضلع اوکاڑہ کے صدر چوہدری سجاد الحسن نے سیکریٹری اطلاعات ملک شاہد سلیم نوناری اور تحصیل نائب صدر سردار محمد آصف جٹ کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں اوکاڑہ کی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی، اس موقع پر تیمور حسین، صائم شاہد، مہتاب شاہد اور مصطفی آصف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران نے بھی الگ الگ ملاقات کی جس میں لاہور کی سیاسی صورتحال اور وویمن ڈویلپمنٹ سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے ثانیہ کامران کو صوبے میں اہم ذمہ داری ملنے پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ ثانیہ کامران جیسی قابل اور پڑھے لکھی شخصیات ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت ملک میں نفرت کی سیاست اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے جبکہ عام آدمی غربت اور بے روزگاری سے نبرد آزما ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی مفادات کو پارٹی معاملات پر ترجیح دی جانی چاہیے، پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ساتھ تعمیری روابط رکھنے کی پوزیشن میں ہے۔