Live Updates

غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں سے شدید مظالم کی نشاندہی ہو رہی ہے، اقوام متحدہ

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 28 مارچ 2025 21:40

غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں سے شدید مظالم کی نشاندہی ہو رہی ہے، اقوام ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 28 مارچ 2025ء) اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی معاون کاری کرنے والی ایجنسی نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں، بشمول گنجان آباد علاقے پر حملوں میں شہریوں پر شدید مظالم کی نشاندہی ہو رہی ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کے امور کے کوآرڈینیشن آفس کے ترجمان جینس لائیرک نے جنیوا میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا،'' غزہ میں انسانی جان اور وقار سخت نظر انداز ہو رہا ہے۔

جنگی کارروائیاں جو ہم دیکھ رہے ہیں وہ مظالم کی علامتیں ہیں۔‘‘

جینس لائیرک کا مزید کہنا تھا، ''ہر روز ہم نے بچوں کو قتل ہوتے دیکھا ہے، امدادی کارکنوں کو مارا جا رہا ہے، لوگوں کی بقا کو خطرے میں ڈال کر زبردستی بے گھر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

‘‘ اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کے امور کے کوآرڈینیشن آفس کے ترجمان نے اس امر کی طرف نشاندہی بھی کی کہ اس صورتحال میں، ''غزہ میں فلسطینی دھڑوں کی جانب سے راکٹ فائر کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

‘‘

غزہ پٹی: حماس کا ایک اور اعلیٰ عہدیدار ہلاک

اسرائیل کی تردید

اسرائیل نے غزہ میں انسانی قوانین کی خلاف ورزی کی تردید کی اور حماس پر الزام لگایا ہے کہ اس کے جنگجو اپنی کارروائیوں کے لیے شہریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ تاہم حماس کے عسکریت پسند جنگجو اس سے انکار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، مزید 23 فلسطینی ہلاک

خوراک اور طبی ذخائر کا خاتمہ

یو این ایڈ کورڈینیشن ایجنسی کے ترجمان جینس لائیرک نے کہا کہ 2 مارچ سے غزہ انکلیو میں خوراک اور طبی سامان کے داخلے کو اسرائیلی حکام نے بلاک کر رکھا ہے جس کے سبب خوراک اور طبی ذخائر بہت تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے جمعے کو اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں خون کی فراہمی کی بھی شدید قلت ہے جس کے سبب زخمیوں کا علاج ممکن نہیں رہا۔

غزہ میں مصری سرحد کے قریب اسرائیلی عسکری کارروائیاں جاری

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے ترجمان رک پیپرکورن نے یروشلم سے ویڈیو لنک کے ذریعے جینوا میں نامہ نگاروں کو بیان دیتے ہوئے کہا،''زخمیوں کے علاج سے متعلق ہر چیز تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے۔ ہر ماہ 4 ہزار پانچ سو خون کی پیکٹس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اب خون کے 500 سے بھی کم یونٹس دستیاب ہیں۔

‘‘

7 اکتوبر 2023ء کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے ہزاروں مسلح افراد کے دہشت گردانہ حملے، جس میں اسرائیلی ذرائع کے مطابق 1,200 ہلاکتیں ہوئی تھیں اور حماس جنگجو 251 اسرائیلیوں کو اغوا کر کے لے گئے تھے، کے بعد سے شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں فلسطینی حکام کے مطابق اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چُکے ہیں۔

ادارت عاطف توقیر اور رابعہ بگٹی

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات