Live Updates

پی ٹی آئی میں کوئی فیصلہ درست نہیں ہورہا، چھینا جھپٹی کا ماحول ہے، شیرافضل مروت کا الزام

تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے قابل نہیں، عمران خان سے فیصلے کروانے والوں کی کتاب سے علی امین گنڈاپور کا ورق کٹ چکا ہے؛ رکن قومی اسمبلی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 29 مارچ 2025 11:37

پی ٹی آئی میں کوئی فیصلہ درست نہیں ہورہا، چھینا جھپٹی کا ماحول ہے، شیرافضل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2025ء ) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے قابل نہیں ہے، پی ٹی آئی اورجے یوآئی میں خلیج خود عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کی پیدا کردہ ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کو جیل سے چھڑوانے کی تحریک پس پشت جا چکی ہے، اس وقت پارٹی میں کوئی فیصلہ درست نہیں ہورہا اور چھینا جھپٹی کا ماحول ہے۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ عمران خان سے فیصلے کروانے والوں کی کتاب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا ورق کٹ چکا ہے، علی امین گنڈاپور پچھلے 8 ، 10 روز سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں مگر انہیں پارٹی کے بانی چیئرمین سے ملنے نہیں دیا جا رہا، مجھے شک ہے اس معاملے میں رکاوٹ ڈالنے والے اپنے ہی لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شیرافضل مروت یہ الزام بھی عائد کرچکے ہیں کہ کچھ لوگ لالچ اور ڈالروں کے چکر میں ہیں اسی لیے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ ڈالروں کیلئے ریاست پر حملہ آور ہیں، عمران ریاض، شہباز گل، حیدر مہدی اور عادل راجہ جیسے لوگوں نے پارٹی کی ڈائریکشن خراب کی، ان کے علاوہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ بھی ڈالر کے لیے ریاست کو گالیاں دیتے ہیں، باہر بیٹھ کر یہ لوگ اپنے آپ کو شہزور کہتے ہیں اور ڈالر بھی کما رہے ہیں، یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں، خبریں کوئی نہیں ہوتی یہ بات کا بتنگڑ بناتے ہیں، کبھی یہ لوگ کہتے ہیں عمران خان کی طبیعت خراب ہے، کان میں انفیکشن ہوگیا، کبھی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے کسی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گا، میں نے پی ٹی آئی کو 3 ماہ کے لیے خیرباد کہہ رکھا ہے، 3 ماہ تک پی ٹی آئی کی کسی بھی ایکٹویٹی میں شرکت نہیں کروں گا، پارٹی انتشار کا شکار ہے، فارورڈ بلاک کی باتیں ہورہی ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں پی ٹی آئی نے مفت میں بدنام کیا، ایسے لوگوں کو بدنام کیا گیا جن کے نہ ضمیر بکے اور نہ ہی انہوں نے پیسے لیے، پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ایکشن لے کر ان کے لیے کیا راستہ چھوڑا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات