عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اورزونل کمیٹیوں کے اجلاس کل طلب

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے،صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے زونل ہیڈ کوارٹرز میں ہونگے،چاندنظر آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے اور شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 29 مارچ 2025 15:00

عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اورزونل کمیٹیوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مارچ 2025)ماہ شوال المکرم 1446ء(عیدالفطر) کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس کل طلب کر لئے گئے،رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز اتوار وزارت مذہبی امور میں طلب کیا گیا ہے جبکہ صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے زونل ہیڈ کوارٹرز میں ہونگے،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

اجلاس میںچاند دیکھنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے شہادتیں وصول کی جائیں گی۔ چاندنظر آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدا لخبیر آزاد چاند دیکھنے اور شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔کراچی میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اتوار کو زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔

(جاری ہے)

ماہرین فلکیات کی جانب سے رمضان المبارک 29 روزوں کا ہوگا اور عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کل غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی اور چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہونگے ۔ماہر فلکیات اور محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان 29 دن کا ہونے اور شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ نیا چاند آج ہفتہ 29 مارچ 2025ءکو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 58 منٹ پر پیدا ہو گا۔

کل 29 رمضان المبارک یعنی اتوار 30 مارچ 2025ءکی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت ہلال کیلئے کم از کم 18 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 26 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہو گی۔ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے۔ وہ کراچی میں 69 منٹ ، جیوانی میں 71 منٹ ، کوئٹہ اور لاہور میں 74 منٹ ، اسلام آباد میں 76 منٹ ، چارسدہ ، پشاور اور مظفر آباد میں 77 منٹ جبکہ گلگت میں 78 منٹ ہو گا چنانچہ پاکستان کے جس حصے میں بھی کل شام مطلع صاف ہوا تو وہاں ہلال کی رویت آسانی سے ہو جائے گی لہٰذا پاکستان میں یکم شوال المکرم یعنی عید الفطربروز پیر 31 مارچ 2025 ءکو ہو گی۔