کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ،آزادی پسندکشمیری بی جے پی کی ہرچال کو ناکام بنادیں گے ، حریت کانفرنس

ہفتہ 29 مارچ 2025 16:29

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں نظر بند حریت رہنماوں اور کشمیری عوام کے صبر و استقامت اور قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور بھارت اپنے جھوٹے بیانیے اور جابرانہ ہتھکنڈوں سے اس حقیقت کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے کشمیر میڈیاسروس کے ساتھ سرینگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے 1947سے آج تک بھارت کے جابرانہ قبضے سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور یہ عظیم قر بانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ تنازعہ کشمیر اس وقت عالمی سطح کا توجہ کا مرکز ہے۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ، آسیہ انداربی اور برسہا برس سے مقبوضہ علاقے اور بھارتی کی جیلوں میں نظر بند دیگر ہزاروں کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جبر ایک عظیم کاز کیساتھ انکی وابستگی کو متزلزل نہیں کرسکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کچھ نام نہاد د لوگ اپنی مذموم سرگرمیوں اور مضحکہ خیز بیانات کے ذریعے حریت کانفرنس کو بدنام کرنا چاہتے ہیں ، حریت کانفرنس ایسے تمام افرادکو مسترد اور تنازعہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی کی ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اونہ گام میں غیر منقولہ جائیدار ضبط کر لی ہے۔

پولیس نے محمد فاروق رحمانی کی 33کنال پر مشتمل آبائی اراضی اور رہائشی مکان ضبط کر لیا ہے ۔ ضبط کی گئی جائیدار کی کل مالیت 6کروڑروپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کی املاک کی ضبطی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جسکا مقصد ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندوئوں کو دیکر علا قے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک بیا ن میں فاروق رحمانی کی جائیداد کی ضبطی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی پسند کشمیریوں پر بھارتی جبر وستم کا تسلسل ہے۔ کٹھوعہ اور ریاسی اضلاع میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ روز قابض بھارتی فورسز اہلکاروں نے ضلع کٹھوعہ میں آپریشن کے دوران تین نوجوان شہید کر دیے تھے۔

بھارتی پولیس نے بڈگام اور بارہمولہ اضلاع میں گزشتہ دن یوم القدس پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاںنکالنے پر منتظمین اور شرکاءکے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ اس حوالے سے ان اضلاع کے علاقوں بیرواہ اور پٹن تھانوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون” یو اے پی اے“ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ریلیوں کے شرکا نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور کشمیری نظر بندوں کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔