اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے مداخلت کرے

مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے دور میں بلاجواز گرفتاریاں، چھاپے، سفری پابندیاں، افراد اوراداروں کی نگرانی اور طویل قید و بندایک معمول بن چکا ہے

اتوار 30 مارچ 2025 15:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR)نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی حکام کی طرف سے علاقے میں جاری ظلم وستم کو روکنے کے لئے فوری مداخلت کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک خط میں مقبوضہ علاقے میںآزادی پسندرہنمائوں کے خلاف منظم کریک ڈائون، جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے اور شہری آزادیوں کو سلب کرنے جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیاہے ۔

خط میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے دور میں بلاجواز گرفتاریاں، چھاپے، سفری پابندیاں، افراد اوراداروں کی نگرانی اور طویل قید و بندایک معمول بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

الطاف وانی نے حریت پسند کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے اور بنیادی آزادیوں کو سلب کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے، پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA)جیسے کالے قوانین کے استعمال کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ظلم وجبر کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔کے آئی آئی آرنے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ظالمانہ اقدامات پر بھارت کا محاسبہ کرنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔