نواز شریف نے رائیونڈ،وزیر اعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹائون میں عید کی نماز ادا کی

وزیر اعظم شہباز شریف بڑے بھائی سے عید ملنے کے لئے جاتی امراء رائے ونڈ بھی گئے نواز شریف ، شہباز شریف کی دیگر کے ہمراہ میاں شریف ، شمیم اختر ،عباس شریف ،کلثو م نواز کی قبروں پر حاضری

بدھ 2 اپریل 2025 10:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے جاتی امرا ء جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹائون میں عید الفطر کی نماز ادا کی، وزیر اعظم شہباز شریف اپنے بڑے بھائی سے عید ملنے کے لئے جاتی امراء رائے ونڈ بھی گئے ۔جاتی امراء میں نواز شریف کے ہمراہ ان کے صاحبزادوں حسن نواز ، حسین نواز ، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر اورسٹاف نے نماز عید الفطر ادا کی ۔

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی ، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔نماز کی ادائیگی کے بعد نواز شریف تمام لوگوں سے عید ملے ۔نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ اپنے والد میاں محمد شریف ، والدہ بیگم شمیم اختر ، بھائی عباس شریف اور اہلیہ بیگم کلثو م نواز کی قبروں پر حاضری دی پھو ل رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے محفل میلاد میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز ماڈل ٹائون میں ادا کی ۔ سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز، سلیمان شہباز ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ ،طلحہ برکی اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نماز عید میں شریک ہوئے۔

نماز کے بعد ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ عید کے اجتماع میں کشمیراور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف اپنے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے ہمراہ بڑے بھائی اور پارٹی صدر نواز شریف اور دیگر اہل خانہ سے عید ملنے کے لئے جاتی امراء رائے ونڈ گئے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی صاحبزادوں کے ہمراہ اپنے والد میاں محمد شریف،والدہ بیگم شمیم اختر ، بھائی عباس شریف اور بھابھی بیگم کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی ۔