صدر آصف علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ، ذاتی معالج

صدر مملکت کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے ،آصف زرداری کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ہیں اور ان کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،ڈاکٹر عاصم حسین

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 2 اپریل 2025 17:03

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02اپریل 2025)صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے ،صدرمملکت کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ہیں اوران کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کے ذاتی ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ آصف علی زرداری انفیکشنز ڈیزیز کے ماہرین کے زیرعلاج ہیں اور ان سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ان کے مزید ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں ۔خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہونے پرانہیں نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کاکہنا تھاکہ صدر آصف زرداری کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

ہسپتال میں صدر آصف علی زرداری کا مکمل طبی معائنہ کیاگیا تھا اور ان کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ بھی کئے گئے تھے۔بتایاگیا تھا کہ صدرآصف علی زرداری کو گذشتہ روزبخاراورانفیکشن کی شکایت ہوئی تھی۔ذرائع کاکہنا ہے کہ ہسپتال میں زیر علاج صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر نگرانی میڈیکل ٹیم صدر مملکت کا علاج کررہی تھی۔

ہسپتال میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما و عہدے دار موجود تھے۔ آصف علی زرداری جس وارڈ میں داخل ہیں اس فلور پر غیر متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت آصف زرداری سے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھاکہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں اللہ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم کو فون کیا، انہوں نے آصف زرداری کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔