سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف کی ملاقات، راولپنڈی کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال

بدھ 2 اپریل 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے راولپنڈی کے عوام کے لیے نالہ لئی ایکسپریس وے، ماں بچہ ہسپتال، رنگ روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہم ہیں، ان کی تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سی ایم پنجاب انسپکشن ٹیم اور رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف سے ملاقات کے دوران کیا ،جس میں راولپنڈی کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ حنیف نے ملاقات کے دوران راولپنڈی کے بنیادی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے خاص طور پر شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کا ذکر کیا اور نالہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی مرحلہ وار تکمیل سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔ نواز شریف نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ایک بہترین منصوبہ ہو گا اور اس پر غور کیا جائے گا تاکہ اس کی تعمیر جلد از جلد ممکن بنائی جا سکے۔ راجہ حنیف نے ماں بچہ ہسپتال کی جلد تکمیل کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ یہ منصوبہ اب صوبائی حکومت کے زیر انتظام ہے اور اس کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے اور اس کی جلد از جلد فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ راجہ حنیف نے اس موقع پر راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں مکمل کیے گئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا جن میں میٹرو بس منصوبہ، کارڈیالوجی ہسپتال، پی کے ایل آئی، رنگ روڈ سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام منصوبے میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مکمل کیے گئے اور اب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی صوبے کی ترقی کے لیے متحرک ہیں جن کی توجہ راولپنڈی سمیت تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر مرکوز ہے۔

میاں نواز شریف نے گفتگو کے دوران راولپنڈی کو مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے انہیں تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ راولپنڈی کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔