پی پی پی کا قافلہ گڑھی خدا بخش روانہ، شہید بھٹو کی 46ویں برسی اور صدر آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا

جمعرات 3 اپریل 2025 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا قافلہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کی تقریبات میں شرکت اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی غرض سے گڑھی خدا بخش روانہ ہو گیا۔روانگی سے قبل قافلے کے شرکا نے ملتان میں ایک صوفی بزرگ کے دربار پر حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی کے ساتھ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اس روح پرور اجتماع کے بعد قافلہ نوڈیرو،لاڑکانہ کی جانب روانہ ہوا،جہاں پیپلز پارٹی کے جیالے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ جمہوریت کے تسلسل،آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے دفاع کے عزم کا اعادہ کریں گے۔قافلے کی قیادت پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی رمضان بھلر، ڈسٹرکٹ صدر لیہ و کوآرڈینیٹر ٹو گورنر پنجاب ملک ریاض حسین سامٹیہ، ڈویژنل صدر میر آصف خان دستی اور ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری ملتان رائو ساجد علی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گڑھی خدا بخش پہنچ کر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کی آخری آرام گاہوں پر حاضری دیں گے، فاتحہ خوانی کریں گے اور ان کی جمہوری جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بعد ازاں پنڈال میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں اور اضلاع سے آئے ہوئے قافلوں کے کیمپوں کا دورہ بھی کیا جائے گا۔برسی کی تقریبات کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان اور قائدین مشعل بردار جلوس میں بھی بھرپور شرکت کریں گے،جس میں پاکستان کے کونے کونے سے آئے جیالے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کریں گے اور ملک میں جمہوری استحکام کیلئے اپنا عہد دہرائیں گے۔