لاہور: پی ایس ایل کے دوران سکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

نئے اوقات کار کا اطلاق قذافی سٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں قائم سکولوں پر ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 اپریل 2025 15:09

لاہور: پی ایس ایل کے دوران سکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اپریل 2025ء ) پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے دوران لاہور کے کچھ علاقوں کے اسکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل کر دیے گئے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کار کا اطلاق قذافی اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں قائم اسکولوں پر ہو گا، نئے اوقات کا اطلاق گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، جیل روڈ اور فیروز پور روڈ کے اسکولوں پر بھی ہو گا۔

(جاری ہے)

 
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئے اوقات کار کا اطلاق شادمان، کینال روڈ، اپر مال، ظہور الہٰی روڈ کے اسکولوں پر بھی ہو گا، ان مخصوص علاقوں میں اسکول صبح 7 بجے سے 12 بجے تک کھلیں گے۔ 
نوٹیفکیشن میں پی ایس ایل 2025ء کے میچز کا 28 مارچ سے 21 اپریل تک کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔ 
لاہور میں پی ایس ایل کے میچز 24 اپریل سے 18 مئی تک مختلف دنوں میں شیڈولڈ ہیں۔ لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور شام 7 بجے شروع ہوں گے۔
اس کے علاوہ لاہور میں آج سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے پریکٹس میچز کا آغاز ہو رہا ہے۔ 
لاہور میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کا آخری میچ 19 اپریل کو ہوگا۔