بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف اور صنعتکاروں کو بہترین کاروباری ماحول میسر آئےگا، راجہ محمد حنیف

جمعہ 4 اپریل 2025 18:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو ایک تاریخ ساز اور عوامی فلاح کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر ہے، اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ تاجر برادری اور صنعتکاروں کے لئے بھی کاروباری ماحول میں بہتری آئے گی۔

گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ محمد حنیف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے ہمیشہ عوامی مفادات کو ترجیح دی ہے اور اس فیصلے کے ذریعے ایک اور مثال قائم کی ہے، یہ قدم ملک بھر کے عوام کو مالی بوجھ سے نجات دینے کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کے لئے بھی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز شریف کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے راجہ محمد حنیف نے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی نے ہمیشہ عوام کی فلاح کو مقدم رکھا اور اس کے مثبت نتائج آج بھی عوام کے سامنے ہیں، ان کی حکمت عملی کا ہی نتیجہ ہے کہ عوام حکومت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں سے براہ راست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

راجہ محمد حنیف نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا بلکہ اس سے ملک کی صنعت و تجارت میں بھی نئی جان آئے گی، تاجر اور صنعتکار طبقہ اپنے کاروبار کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہوگا اور عوام کی روزمرہ زندگی میں آسانی آئے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے ہمیشہ عوامی مفادات کو ترجیح دی ہے اور اس فیصلے کے ذریعے یہ عزم ایک بار پھر ثابت ہوا ہے۔

راجہ محمد حنیف نے عوام، تاجر برادری اور صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلے کو کامیاب بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں اور ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،یہ فیصلہ حکومت کی درست حکمت عملی اور عوامی فلاح کی طرف ایک اور قدم ہے جو یقیناً ملک کے معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔