آزادکشمیر میں رینجرز فورس کے قیام کی منظوری باقاعدہ طور پر لی گئی ہے، چودھری انوارالحق

جمعہ 4 اپریل 2025 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں رینجرز فورس کے قیام کے پراسیس کی اپرول باقاعدہ طور پر لی گئی ہے، اس کے لیے رولز بھی فریم کیے گئے ہیں، اس کی کمانڈ بھی آزادکشمیر کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرح آزاد کشمیر سے ہی کی جائے گی، رینجر فورس میں کوئی غیر ریاستی باشندہ بھرتی نہیں ہوگا لیکن چند شر پسند عناصر کی جانب سے اداروں کے حوالے سے متنازعہ بیان بازی افسوسناک امر ہے، زہریلی اور منفی خبریں پھیلانے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، بلدیاتی نمائندوں سے حکومت کے جاری مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو چکے ہیں، آزادکشمیر کے شہریوں کو دہشتگردی کی عفریت سے محفوظ رکھنے کے لیے‘‘کاؤنٹر ٹیررارزم ڈیپارٹمنٹ’’قائم کرنے جارہے ہیں، مسلح افواج پاکستان عوام کے تحفظ کے لیے انگنت قربانیاں دے رہی ہیں، 71 ارب کے خسارے کے باوجود 3 کوارٹرز گزر گے، عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی سمیت بلدیاتی اداروں کو فنڈز اور یونیورسٹیز کو گرانٹ دینے کے ساتھ ساتھ ڈیڈ پراجیکٹس کو بھی رواں کیا گیا،آزادجموں و کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے لیے شرائط کو 30 جون سے قبل پورا کر لیں گے، بھارتی خفیہ ایجنسی'' را ''دیگر دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے، جب بھی بھرتیاں کی ہیں تو باقاعدہ طور پر اشتہارات دئیے گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے جی ٹی وی نیوز کے اینکرپرسن خواجہ اے متین کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے،شہداء کی قربانیوں کی قدر نہ کی تو خمیازہ آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا، ناقدین کی جانب سے کہا گیا کہ آٹے اور بجلی پر سبسڈی کی وجہ سے دسمبر سے پہلے حکومت دیوالیہ ہو جائے لیکن 71 ارب کے خسارے کے باوجود عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی، بلدیاتی اداروں کو فنڈز اور یونیورسٹیز کو گرانٹ دینے کے ساتھ ساتھ ڈیڈ پراجیکٹس کو بھی رواں کیا گیا،آوٹ آف سکول چلڈرنز کا پروجیکٹ شروع کیا، وزیراعظم پاکستان نے 3 ارب کا دانش سکولز کا پروجیکٹ دیا، مظفر آباد میں شونٹر ٹنل کا پراجیکٹ بھی وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع ہوگا، 7 سے 8 ارب روپے کے فنڈز بجلی تنصیبات اور انفرسٹرکچر کے لیے خرچ کریں گے، 85 فیصد لائبیلیٹیز کی بھی ادائیگی کردی گئی ہے، میڈیکل کالجز سمیت دیگر خسارے میں جانے والے تمام اداروں کو بھی منافع بخش بنایا گیا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بلدیاتی ادارے حکومت کا حصہ ہیں، آزاد کشمیر کے آئین کی رو سے حکومت آزادکشمیر کے مینڈیٹ کی دواشکال میں ایک قانون ساز اسمبلی کے منتخب نمائندے اور دوسرے بلدیاتی نمائندے ہیں، کابینہ کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ جاری مذاکرات حتمی مرحلے میں یعنی کامیابی سے ہمکنار ہو گے ہیں، بلدیاتی اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے، ایم ایل ایز کے فنڈز کے معاملہ کے لیے‘‘آئینی راستہ’’نکالیں گے، اس کے لیے متعلقہ عدالت میں اپیل یا قانون ساز اسمبلی اپنا حق استعمال کر سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ جب بھی بھرتیاں کی ہیں تو شرائط کے ساتھ کی ہیں جہاں غیر ریاستی بھرتیاں ہوئیں، وہاں بھی باقاعدہ طور پر اشتہارات دئیے گے، فقط دور آفتادہ علاقوں کے لیے ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے‘‘ریاستی شہری’’کی شرط ختم کی گئی، رینجرز و پولیس کے رولز میں غیر ریاستی شہری کی شرط کی گنجائش ہی پیدا نہیں ہوسکتی، ایسا زہریلا پروپیگنڈہ کرنا ناقابل معافی جرم ہے، مافیاز کی حکومت اور عوام کے درمیان رشتہ کمزور کرنے کی کاوشوں بارے آگاہ ہیں، غیر ریاستی کی بحث اس وقت طول کیوں نہیں پکڑتی جب قدرتی آفات آتی ہیں، پاک فوج اور پورا پاکستان، آزاد کشمیر میں مشکل حالات میں بھرپور معاونت کرتا ہے، ایل و سی پر پاک فوج 77 سالوں سے انگنت قربانیاں دے رہی ہے، بلاواجواز ہرزہ سرائی قبول نہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے لیے شرائط کو 30 جون سے قبل پورا کر لیں گے، ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بھی معاملات حل کر لیے گے ہیں، شیڈول بینک کے لیے حکومت کے ذمہ کاموں کو مکمل کر لیا گیا ہے دیگر معاملات بینک انتظامیہ دیکھ رہی، جلد کشمیر بینک دیگر بینکوں کی طرح شیڈول بینک بن جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں موجودہ دہشتگردی کی لہر کے پیچھے ہمارے روایتی دشمن بھارت کا ہاتھ ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی'' را ''دیگر دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے، اگر اس کا بروقت تدارک نہ کیا گیا تو نتائج خوفناک ہوں گے۔