سردار ایاز صادق کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت،100 سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار افسوس

حملے انسانی حقوق، عالمی قوانین، اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہیں،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 4 اپریل 2025 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں اسرائیلی افواج کے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 100 سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان میں سپیکر نے سکولوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات انسانیت سوز ہیں اور مہذب دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی اسرائیل کو نہتے اور معصوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے انسانی حقوق، عالمی قوانین، اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف کے تحت فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق، دارالحکومت القدس الشریف کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری سمجھتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام مسئلہ فلسطین کو عالمی، علاقائی اور پارلیمانی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے اور فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے شہید فلسطینیوں کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔