سات اکتوبر حملے کے لیے ایرانی حمایت کی تائید کرنے والی دستاویز ملنے کاانکشاف

دستاویز اور ریکارڈنگ غزہ میں حماس کے سینئر رہنمائوں کی سرنگوں سے ملی ہے،اسرائیلی وزیردفاع

پیر 7 اپریل 2025 11:43

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے پہلی بار ایران اور القسام بریگیڈز کے کمانڈر انچیف محمد الضیف اور غزہ میں حماس تحریک کے سربراہ یحیی السنوار کے درمیان خط و کتابت کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے منصوبے کو ایران کی حمایت حاصل تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق کاٹز نے مشوٹ ڈویژن کے انٹیلی جنس یونٹ کے دورے کے دوران بیان میں کہا کہ الضیف اور السنوار نے قدس فورس کے کمانڈر سے اسرائیل کو تباہ کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر مانگے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک دستاویز جو انہوں نے پہلی بار پیش کی ہے اس میں ان رہنمائوں کی گفتگو کی ریکارڈنگ بھی شامل ہے۔ یہ ریکارڈنگ غزہ میں حماس کے سینئر رہنماں کی سرنگوں سے ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ دستاویز اسرائیل کو تباہ کرنے کے حماس کے منصوبے کے لیے ایران کی حمایت کے حصے کے طور پر ایران، السنوار اور الضیف کے درمیان براہ راست تعلقات کی موجودگی کو ثابت کرتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی فلسطینی شاخ کے سربراہ ایزدی نے الضیف اور السنوار کی درخواست کا جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ ایران اپنی مشکل اقتصادی صورتحال اور ایرانی عوام کے مصائب کے باوجود حماس کو رقم فراہم کرتا رہے گا۔اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ایران سانپ کا سر ہے اور تمام تر تردیدوں کے باوجود ایران آج تک اسرائیل کو تباہ کرنے کی خواہش کے جھنڈے تلے غزہ سے، لبنان، شام، مغربی کنارے اور اب یمن میں حوثیوں کے ذریعے تمام شعبوں میں دہشت گردی کی فنڈنگ اور حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔